http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 22 August, 2004, 01:39 GMT 06:39 PST

نجف پر تازہ امریکی بمباری

نجف سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں امریکی فوج نے تازہ بمباری کی ہے۔

عینی شاہدوں کے مطابق امریکی طیاروں نے شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

ایک عینی شاہد نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ اے سی 130 ساخت کے گنشپ سے گلیوں میں زبردست فائرنگ کی۔ بظاہر لڑائی شہر گردو و نواح میں ہو رہی تھی لیکن دھواں شہر کے اوپر پھیلا ہوا تھا۔

یہ حملے تقریباً دو ہفتوں کی لڑائی کے خاتمے کے لیے ایک دن جاری رہنی والی کوششوں کے بعد ہوئے ہیں۔

مقتدیٰ الصدر کے حامی بد ستور حضرت علی کے روضے اور اس کے احاطے پر قابض ہیں۔

ان کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ روضے کا قبضہ مذہبی رہنماؤں کے حوالے کر نے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مزاحمت کار مزار کی باہر سے حفاظت کریں گے اور امریکی اور عراقی فوجیوں کو اندر داخل نہیں ہونے دیں گے۔

دریں اثنا سینکڑوں کی تعداد میں لوگ روضے میں داخل ہو چکے ہیں اور ان کا کہنا کہ وہ امریکی حملوں کے خلاف انسانی ڈھال بنیں گے۔