http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 13 August, 2004, 11:07 GMT 16:07 PST

ہم جنس پرست گورنر مستعفی

امریکی ریاست نیو جرسی کے شادی شدہ گورنر جیمز مکگریوی نے ایک مرد کے ساتھ جنسی تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینتالیس سالہ مکگریوی نے ایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ ”میرا سچ یہ ہے کہ میں ایک ہم جنس پرست امریکن ہوں”۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ کھڑی تھیں۔

کیتھولک فِرقے سے تعلق رکھنے والے نیو جرسی کے گورنر نے اپنے بیوی سے اپنے فعل کی معافی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ ”ایسا کرنا غلط تھا، بیوقوفی تھی، اس کا کوئی جواز نہیں پیش کیا جا سکتا اور میں اس کے لیے اپنی بیوی سے معافی مانگتا ہوں”۔

انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی اپنی شناخت کے بارے میں فیصلہ نہیں کر سکے لیکن انہیں ہمیشہ احساس تھا ان میں کوئی بات دوسروں سے مختلف ہے۔

یہ اتفاق کی بات ہے کہ جس دن نیو جرسی کے گورنر نے یہ بیان دیا اسی دن کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے سان فرانسسکو میں ہم جنس پرستوں کے درمیان ہونے والی چار ہزار شادیوں کو کلعدم قرار دے دیا۔

نیو جرسی امریکہ کی ان چار ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں ہم جنس پرستوں کے درمیان شادیوں کو عدالتوں کے ذریعے قانونی حیثیت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

گورنر مکگریوی نے اس سال کے شروع میں ایک قانون کی منظوری دی جس کے تحت ہم جنس پرست جوڑوں کو ایک دوسرے کی جائداد میں حصہ مل سکے گا۔