Thursday, 29 July, 2004, 10:18 GMT 15:18 PST
امریکہ میں نائب صدارت کے ڈیموکریٹ امیدوار جان ایڈورڈز نے کہا ہے کہ القاعدہ کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کا ایک ہی پیغام ہے اور وہ یہ ہے کہ: ’اسے کچل دیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بوسٹن میں جاری ڈیموکریٹک پارٹی کے کنویشن سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت امریکی دفاع کے لئے امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھے گی۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے ایڈورڈز نے یہ کہہ کر اس معاملہ پر اپنی جماعت کے موقف کی وضاحت کرنے کی کوشش کی ہے جسے ڈیموکریٹس کا کمزور حصہ گردانا جاتا ہے، یعنی امریکی دفاع اور دہشت گردی سے نمٹنا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت گیارہ ستمبر کے واقعات سے سبق حاصل کرے گی اور اندرونی طور پر امریکہ کو مضبوط بنائے گی اور بیرونی طور پر ایک قابل احترام ملک۔
ایڈورڈز نے ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جان کیری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں وہ تمام خوبیاں ہیں جو ایک کمانڈر انچیف میں ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ویت جنگ کےدوران کیری نے بہادری کا مظاہرہ کیا تھا۔
جان کیری جمعرات کی شام کنوینشن سے خطاب کریں گے۔ جس کے بعد توقع ہے کہ انہیں بطور صدارتی امیدوار باضابطہ طور پر چن لیا جائے گا۔
گزشتہ روز جب وہ جنگ ویتنام میں شریک ہونے والے سابق فوجیوں کے جلو میں بوسٹن پہنچے تو انہوں نے کہا: ’پسپائی اختیار نہیں کریں گے، ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔‘