Thursday, 10 June, 2004, 17:21 GMT 22:21 PST
بھارت کے سرحدی محافظ دستوں کے ترجمان سری نواسن نے بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے جنوبی شہر کلگام کی ایک مسجد پر حملہ کر کے وہاں چھپے ہوئے دو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے ایک کی لاش مسجد کے اندر مل گئی ہے جبکہ دوسری لاش کی تلاش جاری ہے۔
شدت پسندوں کا ایک ساتھی اور نیم فوجی دستے کا ایک سپاہی فائرنگ کے تبادلے میں پہلے ہی ہلاک ہوچکے ہیں۔
بعض اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کی گولہ باری سےمسجد کو آگ لگ گئی تھی لیکن فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ مسجد کے اندر شدت پسندوں نے گرینیڈ چلائے تھے جس کے باعث آگ لگ گئی اور مسجد کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
ادھر جنوبی قصبے ترال کے نواح میں بھارتی فوج نے دھان کے کھیتوں میں کام کرنے والے دو کسانوں پر گولی چلا دی جس سے ایک کسان ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
اس واقعے سے مشتعل ہوکر سینکڑوں کاشتکار گھروں سے باہر نکل آئے اور انھوں نے سری نگر سے جموں جانے والی شاہراہ پر ٹریفک روک لی۔