http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 28 May, 2004, 14:40 GMT 19:40 PST

شیرون کانیاغزہ پلان

اسرائیلی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ایرئل شیرون غزہ کی پٹی سے فوج کی واپسی کے منصوبے کو کابینہ میں اختلاف رائے کے باوجود ووٹنگ کے لئے اتوار کے روز دوبارہ پیش کررہے ہیں۔

ہاریٹز اخبار کے مطابق انہوں نے گومگو وزراء کے ساتھ زیادہ پیش رفت نہ ہونے کے بعد اپنے منصوبے کےترمیم شدہ مسّودے کو مسترد کردیا ہے۔ پروگرام کے مطابق جمعہ کے روز کابینہ کو شیرون منصوبے کے مسوّدے کامکمل متن مل جانا چاہیے۔

غزہ سے فوج کی واپسی کے مخالف وزراء کی قیادت بارسوخ وزیر خزانہ اور سابق وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کررہے ہیں۔ ہاریٹز اخبار نےاس ہفتے کے شروع میں خبر دی تھی کہ مسٹر شیرون کو 11 وزراء کی حمائت حاصل ہے جسکا مطلب یہ ہوا کے23 وزراء پر مشتمل مضبوط کابینہ میں انہیں کم از کم ایک اور وزیر کی حمایت درکار ہوگی۔ کہا جارہا ہے کہ ابھی تک کوئی فیصلہ ناکرنے والوں میں وزیر خارجہ، سلون شالوم اور وزیر تعلیم، لیمور لیونات شامل ہیں۔

خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق جمعہ کے روز جاری کئے جانے والے عبوری مسوّدے میں ایک اہم تبدیلی شامل ہے کہ خالی کرائے جانے والی آباد کاریوں کو بین الاقوامی مصالحت کاروں کے حوالے کرنے کے بجائے ان کو مسمار کردیاجائے گا۔

دریں اثناء غزہ کی پٹی اور مصری سرحد کے درمیان بظاہر ایک خودکش بم حملے میں بمبار ہلاک اور دو اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوگئے ہیں۔