ایران میں اصلاح پسند جماعت مشارکت فرنٹ کے ان امیدواروں کی فہرست منظر عام پر آگئی ہے جن کو شوریٰ نگہبان نے نا اہل قرار دے دیا تھا۔
اس فہرست میں آٹھ ہزار ایک سو ستاون میں سےان دو ہزار پانچ سو تیس امیدواروں کے نام ہیں جنہیں اس ماہ ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔ان میں صدر محمد خاتمی کے بھائی رضا خاتمی سمیت موجودہ پارلیمینٹ کے اسّی ارکان شامل ہیں۔
پچھلے ماہ اس پابندی کےلگائے جانے کے بعد سے ملک میں ایک سیاسی بحران پیدا ہوگیا ہے اورمشارکت فرنٹ نے، جو ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے ، انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم دیگر اصلاح پسند سیاسی گروپوں کا کہنا ہے کہ ملک میں قدامت پسندوں کے غلبہ ہونے کے خطرے کے پیش نظر وہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔
پچھلے ماہ ابتدائی طور پر شوریٰ نگہبان نے آدھے سے زیادہ اصلاح پسند امیدواروں کو نا اہل قرار دے دیا تھا لیکن بعد میں ایک غیر معمولی پیش رفت کیں ملک کے مذہبی رہنما آیتہ اللہ خامنہ ای کی طرف سے مداخلت کے بعد تقریباً ایک ہزار امیدواروں کو بحال کر دیا گیا تھا۔