Wednesday, 07 March, 2007, 15:25 GMT 20:25 PST
وجاہت مسعود
لاہور
لاہور کی مال روڈ سے درخت کٹے تو ناصر کاظمی بہت دِن اُداس رہا۔ اورینٹل کالج میں عبادت بریلوی سے ملاقات ہوتی یا ٹی ہاؤس میں انتظار صاحب سے مکالمہ، یہی قصہ چلتا رہتا۔ سڑک تو چوڑی ہو جائے گی مگر سو، ڈیڑھ سو برس پرانے درخت کہاں سے لاؤں گا جن کی چھاؤں میں چہل قدمی کرتے ہوئے سیکڑوں جوڑوں نے محبت کرنا سیکھی تھی۔
ناصر آج زندہ ہوتا تو اُسے کٹ جانے والے درختوں پر رشک آتا لیکن جو درخت کٹنے سے بچ گئے تھے وہ سوکھنے سے نہیں بچیں گے کہ اُن سے خوشامد میں لتھڑے بینر باندھے جاتے ہیں۔ خوشامد کی لُو درختوں کو لگے تو وہ سوکھ جاتے ہیں۔ خوشامد کے تھپیڑے شہروں میں چلنے لگیں تو بھرے پُرے شہر اُجڑ جاتے ہیں۔اِسے قحط الرجال کہتے ہیں۔
لاہور میں غیر ملکی رہنماؤں کی آمد پر خوش آمدید کے سرکاری بینر ٹانگنے کی روایت کو 1974 کی اسلامی کانفرنس سے فروغ ملا تھا۔ بعد کے برسوں میں خوشامد کے مایوس مریضوں نے اِسے یوں اپنا لیا کہ آج پنجاب اسمبلی سے لے کر جم خانہ تک مال روڈ کا ہر چوک گویا صاحب ِاقتدار اور صاحب غرض افراد کی ڈائریکٹری بن کر رہ گیا ہے ۔ فتح انگلش کی ہوتی ہے، قدم جرمن کے بڑھتے ہیں۔
مسعود صادق تو لانا |
بدایوں کے ماجد میاں مرحوم کی وزیرِ خزانہ شعیب پر پھبتی تو ہماری تاریخ کا حصہ بن چکی: ’ حضور، لوگ کٹلری کے بارے میں کچھ کہہ رہے ہیں۔‘
قائد اعظم کے دوسرے سوانح نگار جی الانہ محترمہ فاطمہ جناح کے انتخاب میں شریک ہونے کا اعلان سُنتے ہی اُن کی کتاب ’میرا بھائی‘ کی تدوین سے دست بردار ہوگئے تھے۔ یہ بھی کچھ ایسی یاد رکھنے والی بات نہیں کہ چودھری ظہور الٰہی اس انتخابی معرکے میں ایوب خان کے دست راست تھے۔
چالیس برس سے اس روایت کی آبیاری کرنے والے خانوادے نے جنرل پرویز مشرف کی توصیف میں سلوک کی نئے منزلیں طے کی ہیں۔ پہلے مسلم لیگ ضلع گجرات کے صدر چودھری وجاہت حسین نے مصرع عرض کیا ’صدر دو وردیاں بھی پہن لیں تو ہمیں اعتراض نہیں‘ پھر پرویز الٰہی نے دونوں ہاتھ بلند کر کے اعلان کیا کہ ’صدر کو دس بار منتخب کریں گے‘ اور پھر وہی ہاتھ دِ ل پر رکھ کر عرضِ تمنا کی کہ صدر کو زندگی بھر وردی میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
ہم تمہارے ساتھ ہیں! |
مونس الٰہی سے قدم بڑھانے کے درخواست گزاروں میں سے بیشتر نام اِن بینروں کے علاوہ ایوانِ صدر کے اُس خط میں نظر آتے ہیں جو حال ہی میں پنجاب حکومت کو جؤا خانوں کے حوالے سے بھیجا گیا ہے۔ نواز شریف نے پچھلے سال لندن میں ایسے ہی کاملانِ فن کے بارے میں کہا تھا کہ میں نے قدم بڑھا دیے اور پیچھے مُڑ کر دیکھا تو پُرزور اصرار کرنے والے اصحاب غائب تھے۔
معروف سیاسی دانشور امجد سلیم منہاس کو گلہ ہے کہ حکومت کی تائید میں بیانات کا مضمون بہت پامال ہو چکا۔ صاحب اقتدار کا نام بدل جاتا ہے۔ صاحب خوشامد کے مقام کی رعایت سے یک کالمی اور دوکالمی خبر کا تعین بھی ہوجاتا ہے۔ لیکن نصف صدی سے وہی گنی چُنی بحریں رگیدی جا رہی ہیں۔ پہلا مضمون تو یہ ہے کہ جو اقتدار میں ہے وہی بہترین ہے اور کون ہے جو ایسے کار ہائے نمایاں انجام دے سکے۔ بھلے اِذنِ اظہار نہ ہو مگر استفسار کا محل تو ہے کہ صاحب اقتدار کے نابغہ روزگار ہونے کا علم آپ کو اس کے اقتدار پر قابض ہونے کے بعد ہوا یا پہلے؟ سچ تو یہ ہے کہ اقتدار پر قابض صاحبِ شمشیر سیاسی عمل کو موقع دے تو کسی اور کے امکان کی پنیری نمو پائے۔
![]() | |
| صدر کو دس بار منتخب کریں گے: پرویز الٰہی |
غرض آلود خوش فہمی کا ایک زاویہ یہ ہے کہ ظلِ سبحانی کی نیت اچھی ہے۔ قطع نظر اس سے کہ اجتماعی زندگی میں نتائج کا نیت سے کیا تعلق، انگریزی محاورہ تو کہتا ہے کہ جہنم کو جانے والے سب راستے اچھی نیت ہی سے عبارت ہوتے ہیں۔ یہ سوال تو بہر صورت وضع داری کے منافی ہے کہ صاحبِ حکم کی نیت سے یہ آشنائی آپ نے قربِ سلطانی کے کس آسن سے کشید کی ہے؟
بددیانت تعزز کی جھلک دیتے لب و لہجے کا ایک رنگ یہ ہے ’ہم ذاتی طور پر جانتے ہیں کہ حکمران ( نوٹ: موجودہ حکمران) اچھا انسان ہے۔‘ گویا ان کا ذاتی علم کروڑوں عوام کی اجتماعی دانش پہ فوقیت رکھتا ہے۔
مادی ترقی کے بغیر نوالہ نہ توڑنے والے کچھ مغرب زدہ نالیوں، سڑکوں اور شفا خانوں جیسے معمول کے ترقیاتی کاموں کی دلیل پیش کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ حکمران سے اختلاف کرنے والے ملکی ترقی کے دشمن ہیں۔ اس کا مطلب شاید یہ ہے کہ ملکی ترقی اب تک ایسے ہی کسی حادثہ فاجعہ کے انتظار میں تھی۔ دوسری طرف تاریک خیالوں کے لیے ٹیپ کا مصرع کچھ برس پہلے تک یہ تھا کہ صاحب شراب نہیں پیتے۔ اب نہیں لیتا کوئی بھی زلف لہرانے کا نام۔
قوموں کی عزت |
جنہیں پاسپورٹ پر دو چار غیر ملکی مہروں کا شرف مل جائے، وہ اپنی جہاں دانی کا اظہار یوں کرتے ہیں کہ تخت نشین مذکورہ نے ملک کی عزت بڑھائی ہے۔ کیا عرض کیا جائے کہ قوموں کی عزت بھاگ دوڑ سے بڑھانے کی چیز نہیں۔ اجتماعی وقار کے سوتے کسی کی ذاتِ معجزہ کار سے نہیں، قوموں کے مستحکم سیاسی درو بست، کارخانوں اور مدرسوں سے پھوٹتے ہیں۔
امجد سلیم منہاس کا شکوہ بجا ہے۔ خوشامد کے یہ مضمون پامال ہی نہیں ہو چکے، اب تو یہ زمین بھی کُھد چکی۔ لاہور کی مال روڈ پر لہراتے ذوق اور معنی سے عاری بینر تو فیض کا کلام بھی نہیں کہ حالات بدلیں نہ بدلیں، اچھے شعر کا لطف ہی اٹھایا جا سکے۔
(وجاہت مسعود انسانی حقوق، صحافت اور تعلیم کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ادبی اور سیاسی موضوعات پر متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں)