Tuesday, 07 February, 2006, 12:00 GMT 17:00 PST
امریکہ میں 11/9 کے حملوں میں مجرم قرار دیے جانے والے واحد فرد زکریا موساوی کو دی جا سکنے والی سزا کے تعین کے مقدمے کی سماعت کے لیے ورجینیا منتقل کر دیا گیا ہے۔
پیر کے روز عدالت میں موساوی نے کہا کہ ’میں القاعدہ ہوں اور یہ مقدمہ ایک سرکس ہے‘۔ جج کی ہدایات کے باوجود وہ خاموش نہیں ہوئے تو جج نے ان کو عدالت کے کمرے سے باہر لے جانے کا حکم دیا۔
جیوری کا انتخاب
اور اب امریکہ میں ایک جیوری کے ایسے اٹھارہ ارکان کو تلاش کیا جا رہا ہے جو ورجینیا میں سنے جانے والے مقدمے میں اس بات کا فیصلے کر سکیں کہ زکریا موساوی کو عمر قید کی سزا دی جائے یا موت کی۔
ایسے بارہ افراد اور ہنگامی حالت میں ان کے چھ متبادلوں کو تلاش کرنا جج لیونی برنکیما کی ذمہ داری ہے۔اور انہیں اس کے لیے ایک طویل امتحان سے گزرنا ہو گا۔
کیونکہ امریکہ میں ایسے اٹھارہ افراد کو تلاش کرنا جو سماعت کے دوران گیارہ ستمبر کے حملوں کے بارے میں اپنی معلومات اور اپنا امریکی ہونا، القاعدہ کے بارے میں اپنے تصورات و عقائد اور ذاتی معلومات سے بالا ہو کر رائے دے سکیں، آسان کام نہیں ہو گا۔
تلاش کے اس کام کو آسان بنانے کے لیے 50 صفحات پر مشتمل ایک سوال نامہ تیار کیا گیا ہے جو ایک سو انسٹھ سوالوں پر مشتمل ہے۔
اس سوال نامے کے ذریعے اراکینِ جیوری کے ماضی کی چھان بین کی جائے گے۔