Tuesday, 07 February, 2006, 14:15 GMT 19:15 PST
تحریر و تصاویر: عارف وقار
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
لاہور کے فورٹریس سٹیڈیم میں وسیع پیمانے پر ایک تعلیمی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں اعلٰی تعلیم کے پاکستانی اداروں کے ساتھ ساتھ برطانیہ، فرانس، مشرقِ وسطٰی اور آسٹریلیا اور ملائشیا کے تعلیمی اداروں نے بھی اپنے سٹال لگائے ہیں۔
تعلیمی نمائش کا یہ سلسلہ گذشتہ برس ایک انگریزی روزنامے (DAWN) کے زیرِ اہتمام شروع ہوا تھا اور پہلی ہی نمائش میں 65 اداروں نے شمولیت اختیار کی تھی۔
اس مرتبہ دنیا بھر سے اعلٰی تعلیم کے ایک سو ادارے اس نمائش میں شریک ہوئے ہیں۔ نمائش میں غیرملکی اور پاکستانی ماہرینِ تعلیم مختلف سٹالوں پر طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
اِس اجتماع کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو یہ معلومات فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنی مرضی اور پسند کا مضمون دنیا کی کِن یونیورسٹیوں میں پڑھ سکتے ہیں۔ وہاں کی فیسوں کے نظام، وظائف کی پیشکش اور طالبعلمی کے دوران فاضل وقت میں جُزوقتی ملازمت کے متعلق بھی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ شارجہ کی امریکی یونیورسٹی اور ملائشیا کے انسیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹکنالوجی کے سٹالوں پر نوجوانوں کا خاصا ہجوم تھا۔
طالبات کی اکثریت برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ لندن، امپریل کالج لندن، یونیورسٹی آف کینٹ، یونیورسٹی آف لِیورپول، لنکاسٹر یونیورسٹی، لیڈز یونیورسٹی، لیسٹر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف لُوٹن کے سٹالوں پر دکھائی دی۔
یونیورسٹی آف وارِک کے اسٹال پر معلومات حاصل کرنے والی ایک طالبہ نے بتایا کہ وہ لاہور کے کنیرڈ کالج سے تعلق رکھتی ہے اور ابھی اسے مزید ایک برس اِس کالج میں گزارنا ہے لیکن وہ آئندہ برس اعلٰی تعلیم کے لئے بیرونِ ملک جانا چاہتی ہے اور ابھی سے اس سلسلے میں مختلف یونیورسٹیوں کی معلومات جمع کر رہی ہے۔
![]() | |
| برطانوی سٹال پر خوش و خرم عملہ پاکستانی طالبعلموں کو خوش آمدید کہہ رہا ہے |