کالام کی سیف اللہ جھیل میں کشتی حادثہ، چھ افراد ہلاک: ریسکیو 1122
سوات کے علاقے کالام کی سیف اللہ جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی کو حادثہ پیش آگیا ہے۔ ریسکیو 1122 نے اس حادثے میں چھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے تحت کشتی میں سوار سیاحوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔
بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کو ڈی سی سہیل خان نے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سہیل خان نے مزید بتایا کہ ’ ان کے مطابق جھیل سیف اللہ پر اکثر سیاح اس موسم میں گھومنے آتے ہیں تاہم یہاں سیکشن 144 نافذ تھا اور اس دوران اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود اب کالام ہسپتال جا رہے ہیں جہاں معلوم ہو سکے گا کہ کل کتنا نقصان ہوا ہے اور کشتی میں سوار افراد کی تعداد کتنی تھی۔
ریسکیو 1122 کے بیان کے مطابق سوات کے کنٹرول روم کو سیف اللہ جھیل کالام میں کشتی حادثے کی اطلاع موصول ہونے پر امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوع کی جانب روانہ کر دی گئیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کالام کشتی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے بیان میں کہا ہے کہ متعلقہ ادارے لاپتہ افراد کی تلاش تک سرچ آپریشن بلا تعطل جاری رکھیں جبکہ انھوں نے سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات اور کشتی رانی کے قواعد پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔