ایران کے ساتھ معاہدے کرنے کے قریب ہیں، دستخط کرنے شاید اسلام آباد چلا جاؤں: صدر ٹرمپ

گفتگو کے دوران ایک صحافی نے امریکی صدر سے سوال کیا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے پر مہر ثبت کرنے پاکستان جائیں گے، تو ان کا کہنا تھا: ’اگر معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں ہوتے ہیں تو شاید میں چلا جاؤں۔‘ ’پاکستان میں فیلڈ مارشل اور وزیرِ اعظم بہترین لوگ ہیں، شاید میں وہاں چلا جاؤں۔‘

خلاصہ

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کے امریکی مطالبے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور اگر اسلام آباد میں کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو 'میں شاید خود چلا جاؤں۔'
  • وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا ہے کہ فی الوقت کسی بھی پاکستانی نمائندے کا امریکہ کا دورہ طے نہیں ہے۔
  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے گفتگو ہوئی ہے اور یہ دونوں ممالک 10 دن کی جنگ بندی پر اتفاق کر چکے ہیں۔
  • امریکہ کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل کی سمگلنگ کے نیٹ ورک پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں
  • پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے اور انھیں ’امن کوششوں میں پیشرفت سے آگاہ کیا‘ ہے۔ جبکہ امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران کا دورہ کیا ہے
  • وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا کہنا ہے کہ اگر ایران سے دوبارہ مذاکرات ہوئے تو ’اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ اسلام آباد میں ہوں گے‘

لائیو کوریج

  1. بریکنگ, امریکی وزیرِ دفاع: امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایک بار پھر ایران کی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اپنے اگلے اقدامات ’دانشمندی سے‘ منتخب کرنے چاہئیں۔

    انھوں نے کہا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔

    ہیگسیتھ کے مطابق امریکہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ’نرم راستہ‘ اختیار کرنا چاہتا ہے، یعنی ایک معاہدے کے ذریعے، جس کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس اور مذاکراتی ٹیم کر رہی ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ یہ مقصد ’سخت راستے‘ سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے ’غلط فیصلہ‘ کیا تو اس کے نتیجے میں ناکہ بندی، اور بنیادی ڈھانچے، توانائی اور بجلی کے نظام پر حملے ہو سکتے ہیں۔

  2. بریکنگ, امریکی وزیرِ دفاع: ایران کی ناکہ بندی میں امریکی بحریہ کی 10 فیصد سے بھی کم طاقت استعمال ہو رہی ہے

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ موجودہ ناکہ بندی ’نرم ترین راستہ‘ ہے اور ایران کی توانائی کی صنعت ابھی مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ ایران یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرتا ہے، لیکن اس کے پاس مؤثر بحریہ موجود نہیں، اس لیے وہ کسی چیز پر حقیقی کنٹرول نہیں رکھتا۔

    ہیگسیتھ کے مطابق ایران تجارتی جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملوں کی دھمکیاں دیتا ہے، لیکن یہ کنٹرول نہیں بلکہ ’قزاقی اور دہشت گردی‘ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں آنے اور جانے والی ٹریفک کو کنٹرول کر رہی ہے، اور یہ سب امریکی بحری طاقت کے 10 فیصد سے بھی کم استعمال کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

  3. بریکنگ, امریکی وزیرِ دفاع کا دعویٰ: ایران اپنی کھوئی ہوئی جنگی صلاحیتیں دوبارہ حاصل نہیں کر سکتا

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران اپنی تباہ شدہ عسکری صلاحیتوں کو دوبارہ بحال نہیں کر سکتا۔

    انھوں نے ایران کی فوجی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘

    ہیگسیتھ کے مطابق امریکہ اور ایران کی عسکری صلاحیتیں برابر نہیں ہیں اور یہ ’منصفانہ مقابلہ نہیں‘ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکہ مسلسل مزید مضبوط ہو رہا ہے جبکہ ایران اپنے باقی ماندہ لانچرز اور میزائل تلاش کر رہا ہے اور انھیں دوبارہ بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تیار ہو رہی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا: ’ہم صدر کے حکم پر اور ایک بٹن دبانے کی دیر میں کارروائی کے لیے تیار ہیں۔‘

  4. بریکنگ, امریکی وزیرِ دفاع کی ایران کو تنبیہ: ’دانشمندی سے فیصلہ کریں‘ ورنہ امریکہ کے پاس دوبارہ جنگی کارروائیوں کی مکمل صلاحیت ہے

    Getty Images

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کو ’دانشمندی سے فیصلہ کرنا چاہیے‘۔

    پینٹاگون میں بریفنگ کے دوران انھوں نے کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر جلد مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تازہ بریفنگ دیں گے۔

    ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکہ نے ایرانی حکومت کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ’دانشمندی سے انتخاب کرے‘، اور اگر ایران کسی ’غلط فیصلے‘ کی طرف جاتا ہے یا معاہدے پر متفق نہیں ہوتا تو امریکہ کے پاس دوبارہ جنگی کارروائیاں شروع کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

  5. بریکنگ, پیٹ ہیگسیتھ کی پینٹاگون میں بریفنگ شروع ہو گئی

    امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں ایک بریفنگ کا آغاز کر دیا ہے جس میں امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ سے متعلق تازہ صورتحال پر بات کی جا رہی ہے۔

    ان کے ساتھ جنرل ڈین کین بھی موجود ہیں، جو امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین ہیں۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں رہنما اس وقت سے عوامی طور پر سامنے آئے ہیں جب سے امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی شروع کی ہے۔

  6. قطر میں وزیراعظم شہباز شریف کی امیرِ قطر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال, ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا

    @GovtofPakistan

    ،تصویر کا ذریعہ@GovtofPakistan

    وزیراعظم محمد شہباز شریف، جو آج دوحہ پہنچے ہیں، نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے۔

    وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے اور دنیا کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    ملاقات کے آغاز میں امیرِ قطر نے وزیراعظم پاکستان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کو فروغ دینے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو مضبوط بنایا جائے اور عالمی سطح پر تعاون بڑھایا جائے تاکہ امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے، خصوصاً توانائی کی فراہمی کے نظام کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور انھیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا، خاص طور پر سکیورٹی، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، امیری دیوان کے سربراہ شیخ عبداللہ بن محمد الخلیفی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

    پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    بعد ازاں امیرِ قطر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

  7. اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا آخری پل تباہ

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ایک اعلیٰ لبنانی سکیورٹی اہلکار نے خبر رساں ادارے رؤئٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا آخری پل تباہ ہو گیا ہے۔

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق قاسمیہ پل، جو صور اور صیدا کے علاقوں کو آپس میں ملاتا تھا، دو مسلسل حملوں میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔

    اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ وہ لبنان میں پلوں کو اس لیے نشانہ بناتا ہے تاکہ حزب اللہ کو ریاستی انفراسٹرکچر استعمال کرنے سے روکا جا سکے۔

  8. اسرائیل کا جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 70 ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ

    Reuters

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے گذشتہ روز جنوبی لبنان کے علاقے بنت جبیل میں حزب اللہ کے تقریباً 70 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔

    یہ بیان ٹیلیگرام پر جاری کیا گیا، جس کے بعد اسرائیل کے وزیرِاعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل اس علاقے میں حزب اللہ کے ایک بڑے مضبوط گڑھ کو ختم کرنے کے قریب ہے۔

    آج اس سے پہلے اسرائیلی دفاعی افواج نے بتایا کہ اس نے رات کے دوران لبنان سے داغا گیا ایک ڈرون حملہ ناکام بنا دیا۔

    فوج کے مطابق، یہ ڈرون اسرائیلی بحریہ کے عملے نے مار گرایا، اور ان کا کہنا ہے کہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے وہ ملک کی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے تقریباً 40 دفاعی کارروائیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔

  9. تہران: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات

    IRNA

    ،تصویر کا ذریعہIRNA

    بی بی سی فارسی کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر نے جمعرات کو تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی ہے۔

    یہ ملاقات پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کے ایران کے دورے کے دوران ہوئی۔

    یاد رہے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں کردار ادا کر رہا ہے۔

    گذشتہ روز وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بتایا تھا دنیا کے بہت سے ممالک نے اس معاملے (ایران امریکہ کشیدگی) پر مدد کی پیشکش کی تھی، تاہم صدر ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ ’ہمیں پاکستان کے ذریعے ہی رابطہ کاری کا یہ سلسلہ جاری رکھنا ہے۔‘

    وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا مزید کہنا تھا کہ ’میں صدر ٹرمپ کی جانب سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستانی اس سارے عمل کے دوران بہت زبردست ثالث رہے ہیں۔ ہم اُن کی دوستی اور کاوشوں کو سراہتے ہیں، جن کی وجہ سے ہم معاہدے کے قریب پہنچے، اور وہ اب بھی (امریکہ اور ایران کے درمیان) واحد ثالث ہیں۔‘

    PressTV

    ،تصویر کا ذریعہPressTV

  10. سیٹلائٹ تصاویر: جنوبی لبنان کے قصبے اور دیہات اسرائیلی کارروائیوں میں زمین بوس کیے جا رہے ہیں

    bbc

    سیٹلائٹ تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں لبنان کے دیہات میں تباہی کتنی بڑی سطح پر ہو رہی ہے۔

    بی بی سی ویریفائی کو ملنے والی سیٹلائٹ تصاویر اور ویڈیوز سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنوبی لبنان کے قصبے اور دیہات اسرائیلی کارروائیوں کے باعث زمین بوس کیے جا رہے ہیں۔

    بی بی سی ویریفائی کے تجزیے کے مطابق 2 مارچ کے بعد سے تصدیق شدہ شواہد کی بنیاد پر 1400 سے زیادہ عمارتیں تباہ کی جا چکی ہیں۔

    یہ مجموعی نقصان کی صرف ایک جھلک ہے، کیونکہ زمینی سطح پر رسائی محدود ہے اور سیٹلائٹ تصاویر بھی کم دستیاب ہیں۔ اصل نقصان اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔

    بین الاقوامی قانون کے ماہرین نے بی بی سی ویریفائی کو بتایا کہ ان قصبوں اور دیہات کی منظم تباہی ممکنہ طور پر جنگی جرم ہو سکتی ہے۔

  11. جاپان کا ایشیائی ممالک کو تیل کے بحران سے نمٹنے میں مدد کے لیے 10 ارب ڈالر دینے کا اعلان

    Japan Cabinet Public Affairs Office

    ،تصویر کا ذریعہJapan Cabinet Public Affairs Office

    جاپان نے اپنے ایشیائی ہمسایہ ممالک، خصوصاً جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک، کو توانائی بشمول خام تیل کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب ڈالر (7.4 ارب پاؤنڈ) فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، کیونکہ ایران کی جنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے خطہ متاثر ہو رہا ہے۔

    جاپان کی وزیر اعظم ثنائے تاکائیچی نے بدھ کے روز دیگر ایشیائی رہنماؤں کے ساتھ آن لائن اجلاس کے بعد اس نئے تعاون کے فریم ورک کا اعلان کیا۔

    جاپان پیٹرولیم سے بننے والی مصنوعات کے لیے جنوب مشرقی ایشیا پر انحصار کرتا ہے، خاص طور پر طبی آلات کے لیے جس پر تاکائیچی نے بدھ کو پریس بریفنگ میں زور دیا۔

    انھوں نے کہا، ’جاپان ہر ایشیائی ملک کے ساتھ سپلائی چینز کے ذریعے قریبی تعلق رکھتا ہے۔‘

    جاپان کا تعاون کا یہ فریم ورک ایشیائی ممالک کو خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ سپلائی چینز کو برقرار رکھنے اور ذخائر بڑھانے کا ہدف رکھتا ہے۔

    ایشیا توانائی کی کمی سے جلد متاثر ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر آبنائے ہرمز بند ہو جائے، کیونکہ وہاں سے گزرنے والا تقریباً 90 فیصد تیل اور گیس ایشیا ہی آتا ہے۔

    جاپان کی وزارت خارجہ کے مطابق 10 ارب ڈالر کی مالی امداد تقریباً جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے ممالک کی ایک سال کی خام تیل کی درآمدات کے برابر ہے۔

    مزید کہا گیا کہ اس اقدام کا اجلاس میں موجود رہنماؤں نے خیرمقدم کیا جن میں فلپائن، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، ویتنام، بنگلہ دیش اور جنوبی کوریا کے رہنما شامل تھے اور یہ کہ اس منصوبے کے لیے فنڈنگ مختلف ذرائع سے فراہم کی جائے گی۔

  12. نیتن یاہو لبنان کے صدر سے بات چیت کریں گے: اسرائیلی وزیر

    نیتن یاہو

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    اسرائیلی سکیورٹی کابینہ کی رکن گالیا گملیل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو آج لبنان کے صدر جوزف عون سے گفتگو کریں گے۔

    یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس پوسٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ اسرائیل اور لبنان کے رہنما جمعرات کو بات چیت کریں گے۔

    تاہم جمعرات کو لبنان کے صدارتی دفتر کے ایک عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انھیں اسرائیل کے ساتھ کسی متوقع رابطے کے بارے میں علم نہیں ہے۔

    اب معلوم ہوتا ہے کہ یہ بات چیت ہو سکتی ہے۔ مزید معلومات ملنے پر ہم آپ کو آگاہ کریں گے۔

  13. امریکہ-ایران مذاکرات کے اگلے دور کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری: پاکستانی دفتر خارجہ

    پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی

    ،تصویر کا ذریعہMOFA

    پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ تاحال ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا تاہم اس حوالے سے پاکستان کی کوششیں جاری ہیں۔

    اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر گذشتہ شب ایران پہنچے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف تین ممالک کے دورے پر روانہ ہوئے۔

    طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ثالثی کے کردار میں ’متعلقہ فریقین کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’ان کوششوں کے تحت وزیر اعظم اس وقت اہم علاقائی ملکوں کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گذشتہ روز تہران پہنچے۔‘

    ’یہ (دورے) ہماری قیام امن کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بات چیت اور تعاون کے ذریعے پیشرفت ہو سکتی ہے۔ دنیا بھر کے سفارتی حلقوں میں پاکستان کی ثالثی اور مثبت کردار کو تسلیم کیا گیا ہے۔‘

    گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کا احوال بیان کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت 21 گھنٹوں تک جاری رہی تھی۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ثالثی میں فریقین کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات کے اس دور کے بعد اسحاق ڈار نے بات چیت جاری رہنے کی امید ظاہر کی تھی۔ اب ان کی یہ بات درست ثابت ہوئی کیونکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گذشتہ روز ایران میں موجود تھے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف تین ملکوں کے دورے پر ہیں۔‘

  14. پاکستانی بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ: آئی ایس پی آر

    اینٹی شپ میزائل

    ،تصویر کا ذریعہISPR

    پاکستان کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر تیار کردہ جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مقامی ساختہ اینٹی شپ میزائل نے طویل فاصلے پر ہدف کو انتہائی درستگی اور تیز رفتاری سے نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا جبکہ سائنسدانوں اور انجینیئرز کی ٹیم بھی تجربے کے دوران موقع پر موجود تھی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ صلاحیت کی حامل ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ ’میزائل خطرات سے بچنے اور بدلتی صورتحال میں مؤثر انداز سے ہدف حاصل کرتا ہے۔‘

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ مقامی سطح پر تیار میزائل ’پاکستان کی تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ہے۔۔۔۔ کامیاب تجربے پر صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے ٹیم کو سراہا۔‘

    آئی ایس پی آر نےکہا ہے کہ پاکستانی بحریہ سمندری دفاع کو مضبوط اور مؤثر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

  15. حزب اللہ کے اسرائیل پر میزائل حملے، اسرائیل کا جنوبی لبنان پر حملوں سے قبل انتباہ

    حزب اللہ

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے آج صبح اسرائیل کی جانب راکٹ داغے ہیں۔

    ٹیلی گرام پر جاری بیان میں تنظیم نے کہا ہے کہ مقامی وقت صبح 8 بج کر 45 منٹ پر اسرائیل کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ علاقے لبنان کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔

    حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ہمارے ملک اور ہمارے عوام کے خلاف اسرائیلی امریکی جارحیت بند نہیں ہو جاتی۔‘

    اسرائیل کی جانب سے اس بیان پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

    لبنان، اسرائیل

    ،تصویر کا ذریعہEPA

    ادھر اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان نے جنوبی لبنان میں فضائی حملے جاری رہنے کے دوران وہاں کے رہائشیوں کے لیے ایک ’ہنگامی انتباہ‘ جاری کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ حزب اللہ اسرائیلی فوج کو اس علاقے میں کارروائی پر ’مجبور‘ کر رہی ہے اور یہ کہ آئی ڈی ایف کا ’شہریوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں۔‘

    انھوں نے آج صبح جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ہم ایک بار پھر دہراتے ہیں اور آپ سے کہتے ہیں کہ فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کریں اور فوراً زہرانی دریا کے شمال کی جانب چلے جائیں۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’جو کوئی بھی حزب اللہ کے عناصر، ان کی تنصیبات یا ان کے جنگی وسائل کے قریب موجود ہوگا، اپنی جان کو خطرے میں ڈالے گا۔‘

  16. ایران-امریکہ جنگ بندی اور مذاکرات: تازہ صورتحال کیا ہے؟

    ایران، امریکہ، اسرائیل

    ،تصویر کا ذریعہGetty Images

    وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ایران کے ساتھ ’تعمیری‘ بات چیت جاری ہے جبکہ ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے تمام بحری جہازوں پر امریکی ناکہ بندی برقرار ہے۔

    وائٹ ہاؤس نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ امریکہ نے ایران کے ساتھ دو ہفتے کی جنگ بندی میں توسیع کی باضابطہ درخواست کی ہے۔ پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا کہ امریکہ معاہدے کے لیے پُرامید ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مذاکرات کے لیے کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔

    ادھر بدھ کی شب فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کا ایک وفد تہران پہنچا ہے۔ پاکستان امریکی اور ایرانی مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ یہ وفد ایرانی قیادت کے ساتھ مزید بات چیت کرے گا۔

    دریں اثنا وائٹ ہاؤس کے مطابق ایران کی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے والے تمام بحری جہازوں پر امریکی ناکہ بندی مکمل طور پر نافذ ہے۔ اس حوالے سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ کب تک جاری رہے گی۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کے نفاذ کے بعد سے کوئی بھی بحری جہاز اس سے گزر نہیں سکا۔ سینٹکام کے مطابق دس بحری جہازوں نے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایران واپس جانے کا فیصلہ کیا۔

    بی بی سی ویریفائی کے مطابق خطے میں کئی بحری جہازوں نے اپنی نگرانی کے نظام بند کر دیے ہیں۔ بعض کے سگنلز میں رکاوٹ ڈالی گئی یا انھیں جعلی طریقے سے ظاہر کیا گیا تاکہ اپنی اصل پوزیشن چھپائی جا سکے۔

    دوسری طرف لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف نے لیتانی دریا کے جنوب میں پورے علاقے کو حزب اللہ کے لیے ’مہلک زون‘ قرار دیا ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنگ کے حوالے سے اسرائیل اور امریکہ کے اہداف ایک ہیں۔

    یہ صورتحال منگل کو اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد سامنے آئی ہے۔ لبنان نے ان مذاکرات کو تعمیری قرار دیا جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک اس معاملے میں ’ایک ہی صفحے پر‘ ہیں۔

  17. اسرائیل سے ممکنہ رابطے کے بارے میں علم نہیں: لبنان کا صدارتی دفتر

    لبنان کے صدارتی دفتر کے ایک عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ لبنان کو اسرائیل کے ساتھ کسی متوقع رابطے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

    یہ بیان ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ممکنہ گفتگو کا عندیہ دیا گیا تھا۔

    منگل کے روز واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیل اور لبنان کے حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ یہ 1993 کے بعد پہلی بار دونوں فریقین کے درمیان براہ راست بات چیت تھی۔

    لبنان نے ان مذاکرات کو تعمیری قرار دیا جبکہ اسرائیل کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس معاملے میں ایک ہی صفحے پر ہیں۔ تاہم اس کے باوجود حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

  18. ترکی میں دو روز کے دوران دو سکولوں میں فائرنگ، نو افراد ہلاک جبکہ درجنوں طلبہ زخمی

    ترکی، سکول

    ،تصویر کا ذریعہReuters

    ترکی کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ جنوبی ترکی میں ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم آٹھ طلبہ اور ایک ٹیچر ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ واقعہ ترکی کے شہر کہرامان مرعش میں واقع آیسر چالک سیکنڈری سکول میں پیش آیا۔ وزیر داخلہ کے مطابق 13 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران 14 سالہ حملہ آور بھی ہلاک ہوا۔

    یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایک دن قبل ہی جنوبی ترکی میں ایک اور ہائی سکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ سے 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ بعد ازاں اس حملہ آور نے خودکشی کر لی تھی۔

    بدھ کے روز ہونے والے اس تازہ حملے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق حملہ آور، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ طالب علم تھا، دو کلاس رومز میں داخل ہوا۔ اس کے پاس پانچ بندوقیں اور سات میگزین موجود تھے۔

    مقامی گورنر نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ اسلحہ طالب علم کے والد کا تھا جو سابق پولیس اہلکار ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور کے والد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

    بی بی سی کی تصدیق شدہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے دوران بعض افراد سکول کی پہلی منزل کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ترک نشریاتی ادارے این ٹی وی کے ایک رپورٹر نے کہا کہ ’گولیوں کی آواز بہت شدید تھی‘ اور سکول کے باہر ’شدید بھگدڑ‘ مچی ہوئی تھی۔

    واقعے کی خبر پھیلنے کے بعد روتے ہوئے والدین سکول کے باہر جمع ہو گئے۔

    ایک والد عمر ارداغ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میرے بچے نے سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اس نے کہا میرا دوست زخمی ہو گیا ہے‘۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں اب اپنے بچوں کو دوبارہ اس سکول کیسے بھیجوں گا؟‘

    ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ ’ہمارے بچوں، خاندانوں اور اساتذہ کی جلد صحت یابی کے خواہاں ہیں۔‘

  19. شہباز شریف کی آج مدینہ سے دوحہ روانگی

    وزیرِ اعظم اور وفد کے لیے روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے

    ،تصویر کا ذریعہPAKPMO

    ،تصویر کا کیپشنپی ایم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سمیت پاکستانی وفد کے لیے ’روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے‘

    پاکستان کے وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ آج شہباز شریف دورہ قطر کے لیے دوحہ پہنچیں گے۔ ’دوحہ میں وزیرِ اعظم کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے دو طرفہ ملاقات ہوگی.‘

    گذشتہ شب وزیرِ اعظم شہباز شریف جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے تھے جہاں انھوں نے ’مدینہ منورہ میں مسجد النبوی میں حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی سمیت دنیا بھر میں امن و آشتی کے لیے دعائیں کیں۔‘

    ’وزیرِ اعظم کی آمد پر وزیرِ اعظم اور وفد کے لیے روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے۔‘

    وزیرِ اعظم سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے مدینہ سے دوحہ جائیں گے۔

  20. میں جنگ بندی میں توسیع کے حق میں نہیں: ایرانی رہبر اعلیٰ کے مشیر

    ایرانی رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ ’ہم آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں چھوڑیں گے جب تک ہمارے حقوق مکمل طور پر تسلیم نہیں کیے جاتے۔‘

    ایران کے مجمعِ تشخیصِ مصلحت نظام کے رکن محسن رضائی پاسدارانِ انقلاب کے سابق کمانڈر اِن چیف بھی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے ایران کے اندر خبر رساں اداروں کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’امریکی مسلسل جنگ سے خوف زدہ ہیں جبکہ ہم ایک طویل جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور اس کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں۔‘

    انٹرویو میں انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسٹ کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’اگر ایرانی بحریہ تباہ ہو چکی ہے تو پھر امریکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی جرات کیوں نہیں کرتا؟‘

    محسن رضائی نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ وہ ملکی قیادت کے فیصلوں کی پیروی کرتے ہیں تاہم ان کی ذاتی رائے یہ ہے کہ ایران کو امریکہ کے ساتھ دو ہفتے کی جنگ بندی میں توسیع پر آمادہ نہیں ہونا چاہیے۔