Friday, 03 February, 2006, 08:52 GMT 13:52 PST
عالیہ نازکی، چار فروری ، شام چھ بجے 
اب حیدرآباد کے بارے میں آپ کو کیا بتاؤں۔۔۔یہ شہر نہایت ہی خوب صورت ہے اور یہاں کے لوگ نہایت ہی شائستہ، مہذب اور جان کار۔ آج عثمانیہ یونیورسٹی جانے کا اتفاق ہوا۔ اس یو نیورسٹی میں ایک زمانے میں تمام مضامین اردو میں پڑھائے جاتے تھے۔
آج بھی اس کی شان و شوکت برقرار ہے۔ اتنی خوب صورت اور شان دار عمارت شاید ہی کسی اور تعلیمی ادارے کے پاس ہو۔ وہاں کچھ سٹوڈینٹس سے بات چیت کرنے کا موقع بھی ملا۔ ان کے جوش اور سوچ نے مجھے بہت متاثر کیا۔
ویسے حیدرآباد کا جو ایک منفرد کردار ہے اس میں بہت بڑآ ہاتھ اس کی تاریخی عمارتوں کا بھی ہے جنہیں موجودہ دور میں بھی سنبھال کر رکھا گیا ہے۔ چار مینار ہو یا مکہ مسجد، عثمانیہ یونیورسٹی ہو یا نظامیہ ہسپتال یا پھر ہائی کورٹ کی عمارت۔۔۔اس شہر میں ہر موڑ پر تاریخ کے پنے بکھرے ہوئے ہیں۔۔۔
| تین فروری ، دوپہر دو بجے |
خیر یہاں پہنچتے ہی انڈیا آن لائن کیمپین کا کام شروع ہوگیا۔ میں سب سے پہلے چار مینار گئی۔ حیدر آباد کا ماحول شمالی انڈیا کے ان شہروں سے کافی مختلف ہے جہاں میں نے خاصا وقت گزارا ہے۔ پہلے تو یہ کہ شہر بہت صاف ہے۔ دوسرا یہاں اردو بولی جاتی ہے مگر جیسا کہ آپ جانتے ہی ہوں گے، لہجہ بالکل مختلف ہے۔
ایک دکان کے باہر لگے بورڈ پر انگریزی میں لکھا دیکھا ’کیپ شاپ‘ اور اردو میں ’کیاپ شاپ‘۔ اسی طرح ڈاک حانے کو یہاں ’ٹھپہ گھر‘ کہتے ہیں اور ائر پورٹ کو ’طیران گاہ‘۔ جگہ مزے دار ہے اور لوگ بھی۔۔۔اور بریانی کی تو کیا بات ہے۔۔۔
| مظہر زیدی، حیدرآباد، چار فروری، شام چار بجے |
![]() |
یہاں ہر چیز شمالی ہندوستان کے مقابلے میں مختلف ہے۔ یہاں کی سادگی ہم برصغیر کے شمالی علاقوں کے لوگوں کو خواہ وہ انڈیا ہو یا پاکستان، بالکل شرمندہ کر دیتی ہے۔ یہاں پچھلے چند روز میں بہت سے لوگوں سے ملنے کے موقع ملا اور ہر ملاقات کے بعد یہی احساس ہوا کہ بات انٹرنیٹ کی ہو یا اردو میڈیا کی یا عالمی حالات حاضرہ کی ، اتنی بھر پور اور دلچسپ بات چیت بہت کم ہوپاتی ہے۔
جیسا خوبصورت شہر ویسے ہی لوگ۔
| تین فروری، صبح دس بجے |
یہ شہر تین جھیلوں یا ساگر کی امانت میں ہے۔ ویسے پہلے یہاں پر ایسی ایک ہزار جھیلیں ہوتی تھیں جو اب کم ہوکر تین سو کے لگ بھگ رہ گئی ہیں۔ پھر یہاں آئی ٹی سٹی بھی ہے اور فلم سٹی بھی۔ اور کیا چاہئیے۔
شہر میں پہلی مرتبہ آیاہوں تو شائد تیلگو بولنے والوں کے منہ سے اردو سن کر بہت مزہ آرہا ہے لیکن ابھی تک کوئی ایسا اردو بولنے والا نہیں ملا جس کے منہ سے تیلگو سننے کا موقع ملے۔