Monday, 05 January, 2009, 09:02 GMT 14:02 PST
ہندوستان کے وزیرخارجہ پرنب مکھرجی نے کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت نے پاکستانی حکومت کو ممبئی حملوں سے متعلق ثبوت سونپ دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان ثبوتوں میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح سے ممبئی پر 26 نومبر 2008 کو ہونے والے حملوں کا تعلق پاکستان کے بعض شدت پسند عناصر سے ہے۔
بھارت نے جو ثبوت سونپے ہیں اس میں فی الحال بھارتیہ پولیس کی حراست میں ممبئی حملوں میں ملوث شدت پسند اجمل احمد قصاب سے تفتیش سے ملنے والی اطلاعات، حملوں کے دوران شدت پسندوں اور پاکستان میں بیٹھے بعض عناصر کے درمیان کمیونیکشن لنکس، حملوں کے بعد شدت پسندوں کے پاس سے حاصل ہونے والا اسلحہ، اور جی پی ایس اور سیٹلائٹ فون کے ذریعے حاصل کی گئی معلومات شامل ہیں۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرنب مکھرجی نے کہا کہ اب پاکستان کو اپنی باتوں اور وعدوں پر کھرا اترنے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ممبئی میں جو حملے ہوئے ہیں وہ ایک ایسا جرم ہے جسے معاف نہیں کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا ’ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ان ثبوتوں کو دھیان میں رکھ کر آگے کی کارروائی کرے گا۔ ہم یہ بھی امید کرتے ہیں
کہ پاکستان عالمی براداری اور دو فریقین کے درمیان شدت پسندی کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدے پر کھرا اترے گا۔‘
پرنب مکھرجی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے صرف پاکستان کو ہی نہیں بلکہ دنیا کے مختلف ممالک کی وزارت خارجہ کو بھی ثبوتوں کے
بارے میں لکھا ہے۔