Saturday, 03 January, 2009, 10:57 GMT 15:57 PST
وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ ممبئی حملے کے ذمہ دار افراد کو پاکستان بھارت کے حوالے کرے تاکہ ان کے خلاف بھارتی قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکے۔
منموہن سنگھ نے یہ بھی کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے جنگ کوئی راستہ نہیں ہے۔
بھارتی وزیراعظم نے یہ بات شمال مشرقی ریاست میگھالیہ کے شہر شِلانگ میں کہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت شدت پسندی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
ممبئی حملوں کے بارے میں انہوں نے کہا: ’پاکستانی حکومت یہ سمجھے کہ ان حملوں کے بعد سبھی مہذب ممالک کی ذمہ داری بنتی ہے کہ انہیں انجام دینے والے افراد کے خلاف کارروائی ہو۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ان عناصر کو بھارت کو سونپے گا تاکہ ان کے خلاف ہندوستان میں قانونی کارروائی کی جاسکے۔ ‘
ملک کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے کہا کہ بھارت کے سامنے دو سب سے بڑے چیلنجز ہیں: اقتصادی مندی اور شدت پسندی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی شدت پسندی اور نکسلزم تشویش کا باعث ہیں اور ان کی حکومت شدت پسندی کے ساتھ کسی طرح کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ممبئی، دلی اور آسام میں ہونے والے حالیہ شدت پسند حملوں کے بارے میں انہوں نے کہا: ’ہمیں شروع میں جھٹکا لگا تھا لیکن ہم اس سے نمٹنے میں کامیاب ہونگیں۔ ملک سے شدت پسندی کا خاتمہ کرنے کے لیے حکومت کسی بھی حد تک جائے گی۔ ‘