Monday, 29 December, 2008, 10:05 GMT 15:05 PST
نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو مشورہ دیں گے کہ ان کے بیٹے عمر عبداللہ کو جموں و کشمیر کا نیا وزیراعٰلی بنایا جانا چاہیے۔
72 سالہ فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام رات اس بارے میں سوچا اور انہیں لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست کو ایک نوجوان وزیراعلی دیا جائے پارٹی عمر کو وزیر اعلٰی بنانے کے بارے میں غور کرے۔
فاروق عبداللہ کا یہ بیان خاصا اہم ہے کیونکہ کل رات انہوں نے بیان دیا تھا کہ وہ وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنا چاہیں گے جس کے بعد کنفیوژن پھیل گیا تھا۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے 38 سالہ عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ان کے والد ان کی رہنمائی کریں گے۔عمر نے مزید بتایا کہ کانگریس کے ساتھ اس سلسلے میں رسمی طور پر رابطہ قائم ہو چکا ہے کہ اور وہ کل کانگریس کے سینئیر رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے لیے دہلی جا رہے ہیں تاکہ حکومت سازی میں ان کی مدد لی جا سکے۔
عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعٰلی کے عہدے کے لیے میرا نام تجویز کیا جائےگا‘ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صرف نیشنل کانفرنس کا ہے اور دوسری اتحادی جماعتوں کی منظوری بھی لی جائے گی۔