Saturday, 13 December, 2008, 04:55 GMT 09:55 PST
ممبئی حملوں کے بعد سے اہم عالمی شخصیات کا انڈیا اور پاکستان کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے اور جمعہ کو امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا جان نیگروپونٹے کے بعد اب برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن انڈیا جا رہے ہیں۔
دلی سے بی بی سی کے نامہ نگار شکیل اختر نے بتایا کہ گورڈن براؤن کی اتوار کی صبح انڈیا کے وزیر اعظم منموہن سنگھ سے ملاقات متوقع ہے۔ ان کے پروگرام میں پاکستان کا دورہ بھی شامل ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ گورڈن براؤن کا دورہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا اور ان کے اچانک اس خطے میں آنے سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک کو بھی جنوبی ایشیا کے حالات پر تشویش ہے۔
جان نیگروپونٹے جمعہ کو پاکستان سے بھارت گئے اور وزیر خارجہ پرنب مکھرجی اور سیکرٹری خارجہ شیو شنکر مینن سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اطلاعات کے مطابق بات چیت کا اہم موضوع ممبئی حملوں کے بارے میں ہونے والی تفتیش میں پیشرفت تھا۔
نیگروپونٹے نے اس بات پر زور دیا کہ ممبئی حملوں کی تفتیش کے دوران انڈیا، پاکستان اور سب ہی کو مثبت کردار ادا کرنا ہے۔