Tuesday, 09 December, 2008, 22:48 GMT 03:48 PST
ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل سے جماعت الدعوۃ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
منگل کو سکیورٹی کونسل میں دہشتگردی سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کے موضوع پر بحث کےدوران ہندوستان کے نائب وزیر خارجہ ای احمد نے کہا کہ ’ جماعت الدعوۃ اور ایسی دوسری تنظیموں پر بین الاقوامی سطح پر پابندی عائد کی جانی چاہیے۔‘
عام تاثر یہ ہے کہ جماعت الدعوۃ در اصل لشکر طیبہ کا ہی نیا روپ ہے جس پر امریکہ نے سن دو ہزار دو میں پابندی عائد کر دی تھی۔ ہندوستان کا الزام ہے کہ ممبئی پر چھبیس نومبر کے حملے لشکر طیبہ نے ہی کیے تھے۔ ان حملوں میں تقریباً دو سو لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
ہندوستان نے جمعہ کو تحریر ایک خط میں اقوام متحدہ سے کہا تھا کہ کہ جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔ ہندوستان نے یہ مطالبہ بھی کیاکہ تنظیم کے سربراہ حافظ محمد سعید کو بھی عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ لیکن اس خط کی مزید تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔
مسٹر ای احمد نے کہا کہ ’ جس ملک سے ان دہشتگردوں کا تعلق ہے، اسے ان کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ اور یہ پیغام بھی جانا چاہیے کہ دہشتگروں کو پناہ دینے کے بجائے ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔‘
بین الاقوامی دہشتگردی کی روک تھام سے متعلق اس مجوزہ معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے، جو ہندوستان نے انیس سو چھیانوے میں تجویز کیا تھا، مسٹر احمد نے کہا اسے فوراً منظور کیا جانا چاہیے تاکہ انسداد دہشتگردی کے لیے بین الاقوامی قوانین عمل میں آسکیں۔
مسٹر احمد نے اپنی تقریر میں کسی بھی مرحلے پر پاکستان کا نام نہیں لیا۔