Monday, 08 December, 2008, 02:47 GMT 07:47 PST
ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج پیر کی دوپہر تک مل جانے کا امکان ہے جن سے پارلیمانی انتخابات سے قبل
ووٹروں کے موڈ کا اندازہ ہوگا۔
کشمیر میں ابھی انتخابی عمل جاری ہے اور وہاں ووٹوں کی گنتی 28 دسمبرکو کی جائے گی۔
مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، دلی اور میزورم کی اسمبلیوں کے لیے ووٹوں کی گنتی صبح آٹھ بجے سے شروع ہوگئی ہے۔ سبھی ریاستوں میں ایلکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کیے جانے کی وجہ سے شام تک صورتحال بالکل واضح ہوجائے گی۔
مدھیہ پردیش میں دو سو تیس میں سے دو سو انتیس سیٹوں پر گنتی ہوگی۔ ایک حلقے میں بی جےپی کے امیدوار کو قتل کر دیے جانے کی وجہ سے انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
مبصرین کی نگاہیں راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش پر ٹکی ہوئی ہیں جہاں بی جے پی کی حکومتیں ہیں۔ میزورم کو چھوڑ کر سبھی ریاستوں میں اصل مقابلہ بی جےپی اور کانگریس کے درمیان ہے۔
دلی میں وزیر اعلی شیلا دیکشت کو امید ہے کہ وہ لگاتار تیسری مرتبہ چناؤ جیت جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق دلی میں کانگریس کے کامیاب ہونے کی صورت میں ان کا پھر وزیر اعلی بننا طے ہے۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن عام انتخابات کے سیمی فائنل کی حیثیت رکھتے ہیں۔