http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 05 December, 2008, 13:32 GMT 18:32 PST

بھارت اور روس میں جوہری معاہدہ

ہندوستان اور روس نے جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت روس بھارت کے لیے چار جوہری ری ایکٹرز بنانے میں ہندوستان کی مدد کرےگا۔

روس جنوبی بھارت کے کوڈن کولم میں پہلے ہی سے ایک ہزار میگاواٹ کی وسعت والے ایک ری ایکٹر کو بنانے میں مصروف ہے اور جمعہ کے روز جس معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں اس کے تحت وہ اسی علاقے میں مزید چار ری ایکٹر بنائےگا۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اور روسی صدر دیمتری مدیدیو نے بات چیت کے بعد اس معاہدے پر دستخط کیے۔ منموہن سنگھ نے اس غیرفوجی جوہری معاہدے کو بھارت اور روس کے درمیان تعلقات کے لیے میل کے پتھر سے تعبیر کیا۔

خلائی مشن میں مدد
اس معاہدے کے تحت روس خلائی مشن میں بھی بھارت کی مدد کريگا۔ بھارت دو ہزار پندرہ تک چاند پر ایک خلا نورد اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ روس اس عمل میں بھارت کی مدد کرےگا۔

امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے کے بعد بھارت نے پہلے فرانس کے ساتھ اور اب روس کے ساتھ جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ روسی صدر بھارت کے تین روزہ دورے پر جمعرات کو دلی پہنچے تھے۔