Friday, 28 November, 2008, 07:50 GMT 12:50 PST
ممبئی میں بدھ کی رات کو سات مختلف مقامات پر فائرنگ اور دھماکوں کے بعد گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی نے ممبئی کا دورہ کیا اور صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ایسی جانکاری سامنے آرہی ہے کہ پاکستان سے سمندر کے راستے آئے شدت پسندوں نے ان حملوں کو انجام دیا ہے اور ہندوستانی حکومت کو پاکستان کے سامنے سفارتی سطح پر اس معاملے کو اٹھانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی سر زمین اور سمندری راستے کو شدت پسندی کی کارروائیوں کے لیے استمعال نہ کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کے رزولوشن کی خلاف ورزی کی ہے۔
مرکز کی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی نے کہا گزشتہ روز وزیر اعظم منموہن سنگھ نے جو قوم سے خطاب کیا تھا اس سے بہت زیادہ امیدیں وابسطہ تھیں لیکن انہوں نے بے حد مایوس کیا۔
انہوں نے ممبئی حملوں میں مارے گئے افراد کے لواحقین کی مدد کے لیے مہاراشٹر حکومت کو ایک کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔
نریندر مودی نے جمعرات کے روز ممبئی کا دورہ کیا تھا۔
تاج اور اوبیرائے ہوٹل کا دورہ کرنے کے بعد نریندر مودی نے کہا کہ انہیں محسوس ہوا کہ موقع پر جاکر پولیس اور فائر برگیڈ کے لوگوں کے کام کی تعریف کروں۔