http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 27 November, 2008, 11:12 GMT 16:12 PST

’بچے ماں کے بغیر رو رہے ہیں‘

بھارت کے شہر ممبئی میں سلسلہ وار حملوں میں ایک سو ایک افراد ہلاک اور دو سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ حملوں کے وقت بی بی سی کی پراچی پنگلے شہر میں تھیں، انہوں نے تباہی اور ہلاکتوں کے مناظر یوں بیاں کیے۔

’بھیرو سنگھ سنہا چھترپتی شیواجی ٹرمنس (سی ایس ٹی) پر اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ وارانسی جانے کے لیے ٹرین کا انتظا ر کر رہے تھے کہ وہ اندھا دھند فائرنگ میں گھرگئے۔ حملے میں ان کے پوتے اور پوتی شدید زخمی ہوگئے۔

حملوں میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد سی ایس ٹی پر ہونے والی فائرنگ کی زد میں آنے والوں کی ہے، یہاں دو بندوق برداروں نے ٹرینوں کے منتظر مسافروں پر فائرنگ شروع کر دی۔

جنوبی ممبئی کے سینٹ جارج ہسپتال میں اب تک تریسٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ تقریباً سو زخمیوں کو دیگر ہسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی اکثریت گولیوں کا نشانہ بنی ہے۔

ہسپتال کے رسیپشن کا منظر ہولناک تھا۔ کئی لاشیں ایک عارضی احاطے میں پڑی ہوئی تھیں، اور رشتہ دار اپنے عزیزوں کی شناخت کے لیے آ رہے تھے۔

’ ہم تو وارانسی (بنارس) واپس جانے کے لیے انتظار کر رہے تھے، میں ٹکٹ لینے گیا تھا کہ فائرنگ شروع ہوگئی، جب تک میں اپنے گھر والوں کے واپس پہنچتا ان لوگوں نے بہت لوگوں کو مار دیا تھا۔‘