Saturday, 22 November, 2008, 09:01 GMT 14:01 PST
ریاض مسرور
بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، سرینگر
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں اتوار کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے انتخابات سے قبل مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم میں دو نوجوان ہلاک ہوگئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق سنیچر کو شمالی ضلع بارہمولہ میں مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے نیم فوجی عملے کے اہلکاروں نے براہ راست فائرنگ کی۔اس واقعہ میں بارہمولہ کی خانپورہ بستی کا رہنے والا سولہ سالہ نوجوان منظور احمد کُمہار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ایک اور نوجوان زخمی ہوا۔ زخمی ہونے والا نوجوان بھی بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گیا۔
اس ہلاکت کے بعد قصبہ میں تناؤ کی صورتحال پیدا ہوگئی اور لوگوں کی بڑی تعداد خانپورہ میں جمع ہوگئی اور منظور کا جنازہ لے کر علاقہ کے’عیدگاہ قدیم‘ کے مزارشہدا کی طرف پیش قدمی کرنے لگی۔
جنازہ کے جلوس میں شامل مقامی باشندہ الطاف احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ’راستہ میں جگہ جگہ نیم فوجی عملے کے اہلکار تھے۔ بعض مشتعل نوجوانوں نے ان پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں انہوں نے جنازہ پر فائرنگ کی۔‘
اس واقعہ میں محمد رفیق نامی نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویش ناک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دراصل قصبہ میں تناؤ جمعہ کے روز ہی پیدا ہوگیا تھا جب مسجدوں میں نماز کے بعد نوجوانوں نے حریت کانفرنس
کی کال پر احتجاجی جلوس نکالنے کی کوشش کی۔
![]() |
|
| پہلے مرحلے میں بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے آئے |
الطاف نے مزید بتایا کہ ان زیادتیوں کے خلاف لوگوں نے رات کے دوران مسجدوں میں اعلان کیا کہ سنیچر کو احتجاج کیا جائے جس کے ردعمل میں ضلعی انتظامیہ نے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا۔
چنانچہ سنیچر کی صبح سیکورٹی کی ان پابندیوں کے خلاف جب خانپورہ کے نوجوانوں نے مظاہرہ کرنے کی کوشش کی تو نیم فوجی عملے نے فائر کھول کر منظور کُمہار کو ہلاک کردیا۔
پورے ضلع میں عام سرگرمیاں ٹھپ ہیں اور پولیس اور نیم فوجی عملے کی بھاری تعداد سنسان سڑکوں پر گشت کررہی ہے۔
اس دوران پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے مختلف علاقوں میں پانچ گرینیڈ دھماکے ہوئے جن میں ایک پولیس افسر سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔
کئی انتخابی امیدواروں پر بھی بم حملے ہوئے ہیں تاہم کسی بھی عسکری گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے جموں کی چار اور کشمیر کی دو اسمبلی سیٹوں کے لیے اتوار کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔