Wednesday, 01 October, 2008, 23:17 GMT 04:17 PST
انڈیا کی شمال مشرقی ریاست تریپورا کے دارالحکومت اگرتلا میں پولیس کے مطابق بدھ پانچ بم دھماکوں میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکے تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد شہر کے مصروف بازاروں میں ہوئے۔ ان دھماکوں میں ستر لوگ زخمی بھی ہوئے۔
اگرتلا میں ایک مقامی صحافی سید سجاد علی نے بتایا کہ چند روز بعد درگا پوچا کا تہوار ہے اور دھماکوں کے وقت بازاروں میں خریداروں کا رش تھا۔
سجاد علی نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مہاراج گنج بازار میں خریداری کر رہے تھے جب وہاں ایک بم پھٹا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دھماکے کے بعد سات لوگوں کو شدید زخمی حالت میں دیکھا اور پولیس کو واقعے کی اطلاع کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق شہر میں دو ایسے بم بھی ملے جو پھٹ نہیں سکے جس سے افراتفری میں اضافہ ہوا۔
تریپورا میں نسلی بنیادوں پر قبائلی ٹکراؤ کی ایک تاریخ ہے لیکن مصروف علاقوں میں دھماکہ خیز مواد بہت کم استعمال ہوا ہے۔ تریپورا کی دو بڑی باغی تینظیموں نیشنل لبریشن فرنٹ اور آل تریپورا ٹائگر فورس ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں کہ ان دھماکوں کے پیچھے ان کا ہاتھ ہے۔ ان تنظیموں کا نشانہ سکیورٹی اہلکار ہوتے ہیں۔ تاہم انہوں نے بنگالی آبادکاروں کے دیہات پر بھی حملے کیے ہیں اور کئی بار لوگوں کو ہلاک بھی کیا ہے۔
خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں ان دھماکوں میں بنگلہ دیش کی اسلامی شدت پسند تنظیموں کے کردار کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔