Tuesday, 30 September, 2008, 16:59 GMT 21:59 PST
بھارت اور فرانس نے منگل کو ایک ایسے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے نتیجے میں انڈیا کو فرانسیسی جوہری ری ایکٹرز کی فروخت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
اس معاہدے پر بھارت کے وزیراعظم منموہن سنگھ کے دورۂ فرانس کے دوران ان کی فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی سے ملاقات کے دوران اتفاق رائے ہوا۔
اگرچہ ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم فرانسیسی ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ ’ توانائی اور تحقیق کے میدان میں بڑے پیمانے پر ہونے والے دوطرفہ تعاون کی بنیاد بنے گا‘۔
تاہم فرانسیسی صدر کے ایک معاون کا کہنا ہے کہ’ ابھی ہم حکومتی سطح پر بات کر رہے ہیں اور صنعتکاروں کی سطح پر تعاون بعد میں ہو گا‘۔
اطلاعات کے مطابق اس معاہدے کے تحت فرانس بھارت کو پرامن مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے نیوکلیئر سازو سامان کے علاوہ یورپی پریشرائزڈ ری ایکٹر کا جدید ترین ماڈل بھی فراہم کرے گا۔
فرانس امریکہ کے بعد دنیا میں جوہری توانائی پیدا کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ فرانس سے یہ معاہدہ بھارت کے لیے ایک خوشخبری ہے کیونکہ بھارت کو اپنی تیزی سے ترقی کرتی صنعت کے لیے توانائی کی کمی کا سامنا ہے۔