Tuesday, 16 September, 2008, 15:17 GMT 20:17 PST
بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلّی
ہندوستان کے دارالحکومت دلی میں سنیچر کو ہونے والے پانچ مسلسل بم دھماکوں کی تفتیش جاری ہے اور پولیس نے آج شام تین مشتبہ افراد کے پانچ سکیچ جاری کیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں تفتیش میں اہم سراغ حاصل ہوئے ہیں۔
دلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے دلی میں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا ’اس میں ایک سکیچ غفار مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے
میں ملوث مشتبہ افراد کا ہے جبکہ دو خاکے باراکھمبا روڈ پر ہونے والے دھماکے میں ملوث مشتبہ شخص کے ہیں‘۔
سنیچر کو دلی کے چار مقامات کناٹ پلیس میں گوپال داس بلڈنگ، پالیکا بازار کے سینٹرل پارک، کرول باغ کی غفار مارکیٹ اور گریٹر کلاش کے ایم بلاک کی مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے پانچ دھماکے ہوئے تھے جن میں اکیس افراد ہلاک اور نوے سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔
دھماکوں کے بعد حکومت پر حزب اختلاف کی جماعت کی جانب سے شدت پسندی پر نرم رخ اختیار کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ دھماکوں کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔