Saturday, 16 August, 2008, 09:51 GMT 14:51 PST
ہندوستان کے صوبے گجرات میں پولیس نے گزشتہ مہینے احمدآباد ميں ہونے والے سلسلے وار بم دھماکوں کے معاملے ميں آٹھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔
مقامی صحافی مہیش لانگہ کے مطابق ڈپٹی سپرٹینڈنٹ آف پولیس (کرائم برانچ ) ابھیے چڑساما نے اس کی بات کی تصدیق کی ہے کہ آٹھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
چڑساما کا کہنا تھا’ ہم لوگوں نے دھماکوں کے سلسلے میں گرفتاریاں کیں ہيں اور زیادہ جانکاری شام کو ہونے والی پولیس چیف کی پریس کانفرنس میں دی جائے گي۔‘
مہیش لانگہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ذرائع سے جو جانکاری مل رہی ہے اس کے مطابق گرفتار کیے گیے مشتبہ لوگوں کا تعلق ایک ممنوعہ تنظیم سے ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 26 جولائي کو احمدآباد ميں سلسلے وار سترہ بم دھماکے ہوئے تھے جس میں کم از کم پچاس افراد ہلاک اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔
احمدآباد بم دھماکوں کے بعد گجرات کے ایک دیگر شہر سورت میں دو درجن سے زیادہ بم ملے تھے جبکہ احمدآباد بم دھماکوں سے ایک روز قبل کرناٹک کے شہر بنگلور میں بھی سلسلے وار آٹھ بم دھماکے ہوئے تھے جس میں متعدد افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔