Thursday, 07 August, 2008, 08:48 GMT 13:48 PST
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے نندی گرام علاقے میں حکمراں مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی ہڑتال کے سبب عام زندگی پوری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ اف انڈیا کے مطابق جمعرات کی ہڑتال کے دوران کئی علاقوں میں فائرنگ اور دستی بموں کے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکمراں کمیونسٹ پارٹی نے بدھ کو نندی گرام کے ایک سکول میں ایک مارکسی رہنما کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی کال دی ہے۔ نرجن مونڈل نامی مارکسی لیڈر کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ نندی گرام کے ایک سکول سے نکل رہے تھے، وہ اسی سکول ميں استاد بھی تھے۔
اس سے قبل بھی ایک اور مارکسی لیڈر پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
گذشتہ برس نندی گرام ہی میں مقامی باشندوں کی جانب سے خصوصی اقتصادی خطے بنائے جانے کی تجویز کے خلاف پر تشدد احتجاج ہوئے تھے۔
مسلمانوں کی اکثریت والے نندی گرام میں حالات اس وقت خراب ہوئے تھے جب حکمراں مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے زرعی زمین پر قبضہ کر کے اسے انڈونیشیا کے سلیم گروپ کو کیمیکل ہب بنانے کے لیے دے دی تھی۔
حزب اختلاف اور دیگر گروپز کے درمیان تصادم میں چالیس سے زيادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔