http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 01 August, 2008, 01:15 GMT 06:15 PST

ہند امریکہ معاہدہ کی منظوری متوقع

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں جوہری توانائی کے بارے میں اقوام متحدہ کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کے بارے میں خیال ہے کہ وہ جمعہ کو امریکہ اور انڈیا کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے کی منظوری دے گا۔

نامہ نگاروں کا خیال ہے کہ معاہدے کو ان خدشات کے باوجود منظور کر لیا جائے گا کہ اس سے ایک ایسے ملک کو فائدہ پہنچے گا جس نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔

آئی اے ای اے کی منظوری جوہری معاہدے کی تکمیل کے لیے ایک اہم شرط ہے۔ انڈیا کی حکومت کہتی ہے کہ یہ جوہری معاہدہ اس کی توانائی کے ضروریات پوری کرنے کے لیے ضروری ہے۔

معاہدہ مکمل ہو جانے کے بعد انڈیا غیر فوجی مقاصد کے لیے جوہری فضلے اور ٹیکنالوجی کی عالمی مارکیٹ میں شامل ہو سکے گا۔ اب تک ایٹمی دھماکے کرنے کی وجہ سے اس کے ایسا کرنے پر پابندی تھی۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر انڈیا کو آئی اے ای اے کی منظوری مِل گئی تو اس کے بائیس میں سے چودہ ری ایکٹر آئی اے ای اے کی مستقل نگرانی میں آ جائیں گے۔

اگست کے آخر میں انڈیا کو پینتالیس رکن ممالک پر مشتمل نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی منظوری بھی چاہیے ہو گی جو اسے حساس جوہری مواد کی تجارت کی اجازت دے گا۔ معاہدے کے لیے امریکی کانگریس کی منظوری بھی چاہیے۔