Friday, 09 May, 2008, 08:49 GMT 13:49 PST
ہندوستانی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ جموں کےگلارہ سیکٹر کی سرحد پر دونوں جانب سے فائرنگ ہوئی ہے لیکن ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔
جموں میں بارڈر سکیورٹی فورسز کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل جے بی سنگوان نے بتایا ہے کہ سرحد پر بعض دراندازوں کو روکنے کے لیے بھارتی سکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کی تھی جس کے جواب میں دوسری جانب سے بھی فائرنگ کی گئی ہے۔
مسٹر سنگوان کا کہنا تھا’فائرنگ کا تبادلہ تو ہوا ہے لیکن ہمیں اس بارے میں نہ تو کچھ علم ہے اور نہ ہی ابھی تک کوئی ایسا ثبوت ہے جس سے یہ کہا جا سکے کہ پاکستانی رینجرز نے دراندازوں پر پردہ ڈالنے کے لیےگولی چلائی ہے، تو یہ کہنا مشکل ہوگا کہ یہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے لیکن ہم اس بارے میں جلد ہی پاکستانی رینجبرز سے ایک میٹنگ کریں گے۔‘
جے بی سنگوان کا کہنا تھا کہ گلارہ سیکٹر پر بعض دراندازں کو دیکھاگیا تھا اور انہیں روکنے کے لیے بھارتی سکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کی تھی۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر نومبر دو ہزار چار سے جنگ بندی ہے لیکن اس درمیان کبھی کبھی دونوں جانب سے فائرنگ ہوتی رہی تھی جسے دراندازی سے جوڑا جا تا ہے۔