Friday, 02 May, 2008, 06:59 GMT 11:59 PST
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر جمعہ کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
اس دوران ملک کے تجارتی مقامات بند رکھے جائيں گے لیکن ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری سروسز کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے کارکن مختلف مقامات پر مظاہرے کریں گے اور انسانی زنجیر بنائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق ہڑتال صرف بی جے پی کی جانب سے ہوگی اور اس میں ان کے اتحاد این ڈی اے کی دیگر جماعتیں شامل نہیں ہوں گی۔
بی جے پی کے ترجمان پرکاش جاوڑیکر نے صحافیوں کو بتایا کہ این ڈی اے کے سبھی اراکین پارلیمان نے پارلیمنٹ میں مل کر انسانی زنجیر بنائی تھی اور اس معاملے پر وہ سب ساتھ تھے لیکن ملک گیر ہڑتال کی کال این ڈی اے کی جانب سے نہیں دی گئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ہڑتال عوام کے لیے ہے اور اس لیے انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا۔
بی جے پی نے مرکزی حکومت سے عام آدمی کو راشن کی دکان سے سستا راشن مہیا کرانے کے ساتھ ساتھ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو مہینوں میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس سے حکومت کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ا دھر وزيراعظم منموہن سنگھ یہ کہہ چکے ہیں کہ حزب اختلاف مہنگائی پر سیاست نہ کرے۔