http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 01 May, 2008, 14:01 GMT 19:01 PST

بینو جوشی
جموں

جموں: چٹان تلے دب کر آٹھ ہلاک

ہندوستان کے زیرِانتظام جموں و کشمیر میں پولیس کا کہنا ہے کہ کشتواڑ ضلع میں چٹانوں تلے دبنے والے تیس مزدوروں میں سے آٹھ کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

یہ حادثہ جمعرات کی صبح اس وقت پیش آيا جب پہاڑوں کے درمیان سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے دھماکے کیے گیے جس کی وجہ سے چٹانیں کھسک گئی اور اس کی زد میں وہاں موجود افراد آ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی جاری ہے اور اس کے لیے فوج کی مدد لی جا رہی ہے۔پولیس یہ بتانے میں قاصر ہے کہ ملبے میں دبے ہوئے لوگوں میں کتنے ممکنہ طور پر زندہ ہو سکتے ہيں۔

ملبے میں دبنے والے سبھی مزدور ہیں اور یہ مزدور بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے لیے کام کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مزدور دو ٹرکوں میں سوار تھے۔

امدادی کاروائیوں کی نگرانی کر رہے ریاستی جونیئر وزیر برائے تعلیم جی ایم سروری نے بی بی سی کو بتایا کہ اب تک صرف آٹھ لاشیں ہی نکالی جا سکی ہيں۔

بقول جی ایم سروری ’چٹانیں اتنی بڑی ہيں کہ اسے ہٹانے کے لیے یا تو دھماکے کرنے پڑيں گے یا پھر بلڈوزر کا استعمال کرنا پڑے گا اسی لیے امدادی کارروائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں‘۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ امدادی کاروائی شام تک پوری کر لی جائے گي۔

پہاڑ کو بارود سے اڑا کر سڑک کو کشادہ کرنے کا کام جموں سے تقریباً 220 کلومیٹر دور کوریا کے مقام پر چل رہا تھا۔ یہ شاہرہ کشتواڑ سے وادی کشمیر کو جوڑتی ہے۔