Monday, 21 January, 2008, 07:40 GMT 12:40 PST
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناسک میں ایک بس کے کھائی میں گر جانے سے کم از کم اڑتیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہيں۔
بس میں تقریبا ستّر ہندو زائرین سوار تھے جن میں سے بیشتر کا تعلق ممبئی سے تھا۔
مقامی خبررساں اداروں کے مطابق بس اتوار کو رات گئے حادثے کا اس وقت شکار ہوئي جب ہندو عقیدت مندوں سے بھری بس ناسک ضلع میں واقع سپت شرنگی مندر سے ناسک شہر کی طرف لوٹ رہی تھی۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور بس پر کنٹرول کھو بیٹھا جس کے سبب بس تقریباً پانچ سو فٹ گہری کھائي میں گر گئی۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے ضلع مجسٹریٹ چوکالنگم کے حوالے سے خبردی ہے کہ جائے واردات پر امدادی کام جاری ہے اور وہاں آٹھ ایمبولینسز موجود ہيں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو کلوان، ناسک اور وانی کے ہسپتالوں میں داخل کرایا گيا ہے اور ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ناسک کے سرکاری ہسپتال میں رکھی گئی ہيں۔