Wednesday, 02 January, 2008, 07:31 GMT 12:31 PST
ہندوستان کی شمالی ریاست جھارکھنڈ اور اڑیسہ کی سرحد پر واقع سارنڈا کے گھنے جنگلوں میں ماؤ نواز باغیوں اور پولیس کے مابین ہوئے تصادم میں پولیس نے چھ باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جھارکھنڈ پولیس کے ترجمان راج کمار ملک نے بتایا کہ منگل کی دیر رات تصادم کا آغاز اس وقت ہوا جب سیم ڈیگا کے پولیس سپرٹینڈینٹ ڈی بی شرما علاقے کا گشت لگا ر ہے تھے۔
پولیس کے مطابق ماؤ نواز باغیوں نے پولیس سپرٹنڈینٹ کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے اڑانے کی ناکام کوشش کی۔ پولیس اور ماؤنواز باغیوں کے مابین تقریبا تین گھنٹے تک گولی باری کا تبادلہ ہوا جس میں مورٹار گولے اور خودساختہ چلنے والی بندقوں کا استعمال کیا گيا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تصادم میں متعدد باغی زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ مورٹار دھماکے سے ایک پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہوگیا جسے نہیں بچایا جا سکا۔
پولیس ترجمان مسٹر ملک کا کہنا ہے کہ ماؤ نواز باغی سیم ڈیگا کے جل ڈیگا پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنا چاہتے تھے اور باغیوں کی تعداد تقریبا ڈیڑھ سو تھی۔
جھارکھنڈ میں ماؤ نواز باغی بائیس میں سے اٹھارہ اضلاع میں سرگرم ہیں اور ہمشہ سرکاری اثاثے، پولیس، سیاسی رہنما سیمت عام عوام پر حملے کرتے رہتے ہیں لیکن حکومت باغیوں سے نمٹنے میں ناکامیاب رہی ہے۔