Sunday, 30 December, 2007, 16:33 GMT 21:33 PST
ریاض مسرور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر
سال دو ہزار سات کی شروعات فرضی جھڑپوں کے خلاف احتجاج اور ان میں ملوث پولیس افسروں و اہلکاروں کی گرفتاری سے ہوئی جبکہ یہ سال اگلے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر اختتام پزیر ہورہا ہے۔
اس دوران پاکستان کی سیاسی اتھل پتھل کے بعد یہاں کی علیٰحدگی پسند سیاست گویا سرد پڑگئی اور ہندنوازوں کے لہجہ میں نمایاں سختی آگئی۔
سال کی شروعات میں جہاں ہندوستان کے سابق وزیرداخلہ مفتی محمد سعید کی پارٹی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی یا پی ڈی پی نے فوج کی تعداد میں کمی کو لے کر سیاسی ماحول میں حرارت پیدا کر دی وہیں دسمبر میں سابق وزیر اعلیٰ ڈاکڑ فاروق عبداللہ نے اُنیس سو سینتالیس میں اُس وقت کے مہاراجہ ہری سنگھ اور حکومت ہندکے مابین ہوئے مبینہ الحاق پر سوال آٹھایا۔
حالیہ دنوں ہوئی کئی تقریبات پر بولتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا’ اگر کشمیری لوگ اسی طرح فوج کے ہاتھوں مارے جاتے رہے تو ہمیں سینتالیس میں ہوئے الحاق کے بارے میں دوبارہ سوچنا پڑے گا‘۔
واضح رہے فاروق عبداللہ کو ان کی پارٹی نے پہلے ہی اگلے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے پروجیکٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔
![]() |
|
| مفتی محمد سعید کی پارٹی پی ڈی پی نے فوج کی تعداد میں کمی کو لے کر سیاسی ماحول میں حرارت پیدا کر دی |
اکثرسیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ پاکستان کے سیاسی بحران کے رہتے یہاں کی ہندمخالف قیادت کو سخت سیاسی مقابلے کا سامنا ہے۔
کالم نویس شیخ مختار احمد کے خیال میں دوہزار آٹھ میں ہندنواز لیڈروں کی یہ کوشش رہے گی کہ ’تحریک اور حکومت سازی‘ ایک ہی سکّہ کے دو رُخ قرار دیے جائيں۔اس طرح آنے والا سال یہاں کی علیٰحدگی پسند قیادت کے لیے ایک نظریاتی چیلینج کی حیثیت رکھتا ہے۔
مسٹر احمد کہتے ہیں’جذبات کو کوئی تبدیل نہیں کرسکتا۔ لیکن پاکستان کی سیاسی صورتحال اور یہاں کی مسلح مزاحمت کے تئیں مشرف حکومت کی نئی پالیسی کے رہتے اگرتحریکی قیادت اپنا مؤقف طے کرنے میں ناکام ہوئی تو ان جذبات کو ہندنواز ضرور ہائی جیک کرینگے۔ اور ایسا ہماری تحریک میں ہوا ہے‘۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے سابق نائب وزیرخارجہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر عمرعبداللہ نے کئی حلقوں کی مخالفت کے باوجود لندن میں
حالیہ دنوں مسئلہ کشمیر سے متعلق منعقدہ عالمی کانفرنس میں علیٰحدگی پسند نمائندوں کے شانہ بہ شانہ شرکت کی۔ عمر اور دوسرے ہندنوازوں
نے سال دوہزار سات کے دوران کئی مرتبہ پاکستان، امریکہ اور لندن میں علیٰحدگی پسندوں کے ہمراہ مختلف مباحثوں اور سیمیناروں میں
شرکت کی۔
![]() |
|
| ڈاکڑ فاروق عبداللہ نے اُنیس سو سینتالیس میں اُس وقت کے مہاراجہ ہری سنگھ اور حکومت ہند کے مابین ہوئے مبینہ الحاق پر سوال آٹھایا |
پروفیسر بٹ پاکستان کی سیاسی صورتحال کو بھی الگ زاویئے سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے’ پاکستان کی اندرونی صورتحال کبھی بھی کشمیر پر اثرانداز نہیں ہوئی ہے۔ اُنیس سو اکہتر میں تو پاکستان دو لخت ہوگیا تھا، تب تک کشمیر میں پتھر چلتے تھے پھرگولیاں چلنے لگیں‘۔