http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 14 December, 2007, 07:44 GMT 12:44 PST

بس اور ریل کی ٹکر میں سترہ ہلاک

ہندوستان کی ریاست پنجاب میں جمعہ کی صبح ایک بس ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے سبب اس میں سوار کم سے کم سترہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حادثہ موگا ضلع میں اجتوال اور جگراؤں ریلوے سٹیشن کے درمیان پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کہرے کے سبب ڈرائیور آتی ہوئی ٹرین کو نہیں دیکھ سکا تھا۔

علاقے کے تھانہ انچارچ جسبیر سنگھ نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ منی بس میں تقریباً پینتیس افراد سوار تھے اور چونکہ زخمیوں میں کئي کی حالات نازک ہے اس لیے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس بس میں زیادہ تر کالج کے طلباء اور اساتذہ سوار تھے۔ حادثہ صبح کے تقریباً آٹھ بجے نچر چاک گاؤں کے پاس ایک ریلوے کراسنگ کے پر پیش آيا۔

شمالی زون کے جنرل ریلوے مینیجر سری پرکاش سنگھ کے مطابق صبح کہرا اتنا زیادہ تھا کہ ڈرائیور کو لدھیانہ فیروز پور ایکسپریس ٹرین نہیں دکھائی دی۔

شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقے آج کل زبردست سردی کی لپیٹ میں ہیں اور صبح کے وقت زبردست کہرا چھایا رہتا ہے۔ کہرے کے سبب بیشتر ٹرینیں اور پروازیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔