http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 09 December, 2007, 23:21 GMT 04:21 PST

صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، احمد آباد

گجرات: انتخابی مہم کا اختتام

ریاست گجرات میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے اتوار کی شام کو انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے۔ پہلے مرحلے میں منگل کے روز ستاسی نشسستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے جس کے لیے کانگریس اور بی جے پی نے زبردست مہم چلائی ہے۔

آخری روز وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے احمدآباد کے قرب و جوار میں آٹھ عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اپنی حکومت کی کار کردگیوں کا ذکر تو ضرور کیا لیکن ہر جگہ وہ کانگریس پارٹی اور اس کی صدر سونیا گاندھی پر نکتہ چینی کرتے رہے۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ انہوں نےگزشتہ پانچ برسوں میں جو ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں وہ کانگریس کے چالیس سالہ دورِ اقتدار سے زیادہ ہیں۔

ادھر کانگریس کے نوجوان رہنما راہل گاندھی نے سورت کے علاقے میں ایک روڈ شو کیا۔ چالیس کلومیٹر کے طویل شو کے دوران راہل نے بھی کئی جگہ لوگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے نریندر مودی کے ترقیاتی دعوؤں کو کھوکھلا بتایا اور کہا ’یہ حکومت سچائی کے راستے سے بھٹک گئی ہے، جبکہ گاندھی جی نے سچائی پر چلنے کی ہدایت کی تھی، کسانوں کا حال برا ہے اور نہ پانی اور نہ بجلی ہے۔‘

ان انتخابات پر ملک بھر کے ذرائع‏ ابلاغ کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مذہبی خطوط پر منقسم ریاست میں انتخابات کے نتائج یہ طے کریں گے کہ مستقبل میں یہاں کو نسی روایات پروان چڑھیں گی۔

ماہرین کے مطابق ان کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ انتخابات کے نتائج وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے مستقبل کی سیاست کا رخ بھی طے کریں گے۔