http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 06 December, 2007, 23:45 GMT 04:45 PST

ٹریفک حادثے میں شیر ہلاک

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں ایک شیر سڑک پار کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی سے ٹکرا کر ہلاک ہو گیا ہے۔

یہ واقعہ باہریچ کے ضلع میں پیش آیا اور حادثے کے چھتیس گھنٹے بعد تک زخمی شیر سڑک کے کنارے پڑا رہا اور اس کے بعد ہی اسے طبی امداد فراہم کنرے کی کوشش کی گئی۔

محکمۂ جنگلات کے حکام نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے شیر کی عمر دس برس تھی اور وہ مقامی جنگل سے نکل کر سڑک پر آ گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ عموماً سڑک کے حادثے میں جانوروں کی ہلاکت کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں لیکن کسی شیر کی اس طرح ہلاکت دیکھنے میں نہیں آتی۔

اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے چڑیا گھر کے افسر کا کہنا ہے کہ اس شیر کو’شدید اندرونی زخموں کے ساتھ چڑیا گھر میں لایا گیا تھا اور ڈاکٹر اس جانور کو بچانے میں ناکام رہے‘۔

لکھنؤ میں بی بی سی کے نامہ نگار رام دت ترپاٹھی کے مطابق شیروں کے جنگل سے بار نکل کر آبادی کی جانب آنے کی ایک اہم وجہ جنگلات کا کٹاؤ اور علاقے میں گنّے کی کاشت کے لیے علاقے کی صفائی بھی ہے۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق بھارت میں شیروں کی تعداد صرف پندرہ سو رہ گیی ہے جبکہ سنہ 2002 کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق یہ تعداد 3642 تھی۔
وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے ایک جائزے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں بعض ریاستوں میں شیروں کی تعداد میں دو تہائی سے زيادہ کمی آئی ہے۔

جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ شیروں کی گھٹتی تعداد کی وجہ غیر قانونی طریقے سے شکار اور جنگلوں کا خاتمہ ہونا ہے۔ ان ماہرین کا کہنا ہے کہ شیروں کی تعداد میں کمی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ حکومت غیرقانونی شکار اور سمگلنگ پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔