http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 29 November, 2007, 11:55 GMT 16:55 PST

نکسلی حملے میں بارہ افراد ہلاک

ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ میں جمعرات کے روز ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں گيارہ پولیس اہل کاروں سمیت بارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ ہلاکتیں ضلع دانتے واڑہ کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوئی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ پولیس جیپ کے پرخچے اڑ گئے اور لاشیں آس پاس بکھری گئیں۔

مقامی پولیس انسپکٹر جنرل آف پولیس کے وجے کے مطابق اس حملے کا نشانہ جیپ میں سوار پولیس اہل کار تھے جبکہ حملے میں ایک عام شہری بھی مارا گیا ہے۔

ہلاک ہونے والے تمام پولیس اہلکاروں کا تعلق شمال مشرقی ریاست میزورم سے ہے جو خصوصی پولیس دستے کا ایک حصہ تھے اور ایک قریبی بازار کونٹا سے واپس لوٹ رہے تھے۔

ریاست چھتیس گڑھ کے کئی علاقوں میں ماؤ نواز باغیوں کا اثر رسوخ ہے اور وہاں آئے دن پولیس پر حملے ہوتے رہتے ہیں۔ چند روز قبل ہی ایک حملے میں اٹھارہ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔