http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 29 November, 2007, 12:29 GMT 17:29 PST

کرناٹک اسمبلی تحلیل کر دی گئی

ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک کی اسمبلی تحلیل کردی گئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں انتخابات کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔

راشٹرپتی بھون کے مطابق صدر پرتیبھا پاٹل نے مرکزی حکومت کی سفارش پر بدھ کو اسمبلی تحلیل کرنے کے حکم پر دستخط کر دیے تھے۔

کرناٹک اسبملی گزشتہ دو ہفتوں سے معطل تھی۔ اس سے پہلے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

واضح رہے کہ اس ماہ کی انیس تاریخ کو کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدورپا نے اپنی حلیف جماعت جنتا دل سیکولر کی طرف سے حمایت واپس لیے جانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔

کرناٹک میں 2005 کے اسبملی انتخابات میں کسی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی تھی۔ بی جے پی اور جنتا دل کے درمیان اقتدار میں ساجھے داری کے معاہدے کے تحت دونوں جماعتوں کو بیس بیس مہینے کے بعد اقتدار ایک دوسرے کو منتقل کرنا تھا۔

تاہم جنتا دل نے بیس مہینے پورے کرنے کے بعد بی جے پی کو اقتدار سونپنے کے بجائے ریاست میں سیاسی بحران پیدا کر دیا اور وہاں گزشتہ مہینے صدر راج نافذ کرنا پڑا تھا۔