Monday, 29 October, 2007, 00:46 GMT 05:46 PST
امریکہ کے وزیر خزانہ ہنری پالسن نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور بھارت کے درمیان جوہری تعاون کے لیے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے جلد از جلد اقدامات کرے۔
ہنری پالسن نے کہا کہ اس معاہدے کے لیے دونوں ممالک نے طویل عرصے تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔ امریکی وزیر خزانہ کا، جو اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں، کہنا تھا کہ جوہری تعاون کے معاہدے پر عمل درآمد بھارت کی ترقی، توانائی کی ضروریات اور ماحولیاتی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
بھارت کی حکومت نے اس معاہدے پر عمل درآمد بائیں بازو کے اتحاد سے مذاکرات کی ناکامی کی وجہ سے روکا ہوا ہے۔ بھارت کا بائیں بازو کا اتحاد امریکہ سے جوہری تعاون کے معاہدے کا مخالف ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے بھارت کی غیر جانبدارنہ حیثیت متاثر ہوگی اور وہ امریکہ کہ حلقۂ اثر میں آ جائے گا۔