Saturday, 20 October, 2007, 13:00 GMT 18:00 PST
انڈیا میں اس ماہ کے آغاز پر خوراک کی گرتی ہوئی قیمتوں کے اثر کے تحت افراط زر کی شرح پانچ سال میں سب سے کم ریکارڈ کی گئی تھی۔
ہول سیل پرائس انڈیکس میں چھ اکتوبر سے قبل بارہ ماہ میں تین اعشاریہ صفر چھ فیصد اضافہ ہوا جو مرکزی بینک کے اپریل دو ہزار آٹھ کے لیے پانچ فیصد کے ہدف سے کم تھا۔ اس صورتحال میں سود کی شرح میں اضافے کو روکنا ممکن ہو گیا ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ گزشتہ سال میں پانچ بار سود کی شرح میں اضافے کے بعد صورتحال کو قابو کرنا آسان ہوگا۔ تاہم ماہرین کا خیال تھا کہ تیل اور دھات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی موجودگی میں افراط زر میں اضافے کا خدشہ موجود تھا۔
خیال کیا جا رہا کہ مرکزی بینک کی آئندہ ماہ میٹنگ میں شرح میں تبدیلی کا امکان نہیں۔ انڈیا میں ہول سیل پرائس انڈیکس پر کنزیومر پرائس انڈیکس کی نسبت زیادہ گہری نظر رکھی جاتی ہے کیونکہ یہ زیادہ مصنوعات کا احاطہ کرتی ہے اور ہفتہ وار شائع ہوتی ہے۔