Monday, 24 September, 2007, 11:34 GMT 16:34 PST
ایم ایس احمد
پٹنہ
کسی کے گھر بچہ پیدا ہونے پر ہیجڑوں کا مبارک باد دینا اور روزگار کمانا تو عام ہے۔ لیکن بہار میں حکومت ہیجڑوں کے اسی ’طور‘ کو بچوں کو ماں کا دودھ پلانے اور ٹیکے لگوانے کی ترغیب کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے۔
ریاستی حکومت کے محکمہ سماجی بہبود کے سیکریٹری وجے پرکاش کے مطابق اس سلسلے میں آئندہ ماہ ہیجڑوں کی تربیت کے لیے ایک ورکشاپ ہو گی۔
مسٹر پرکاش کے مطابق حکومت نے ہیجڑوں کے لیے ایک فلاحی پروگرام بنایا ہے۔ اس پروگرام کا ایک اہم حصہ ہے یہ ہے کہ انہیں زچہ و بچہ کی صحت کے بارے میں پیغام کی پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائےگا جو ان کے لیے آمدنی کا ذریعہ بھی ہوگا۔
بقول مسٹر پرکاش ’جس گھر میں بچہ پیدا ہوگا ہیجڑوں کی ایک ٹیم وہاں جا کر گانے گائے گی لیکن ان گانوں کے بول ذرا مختلف ہوں گے اور ان کے ذریعے بتایا جائے گا کہ ’بچے کو ماں کا دودھ دیں اور زچہ کے لیے صحیح غذا کیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح ہیجڑے نوزائیدہ بچوں کو ٹیکے لگوانے کے بارے میں بھی معلومات دیں گے۔
![]() | |
| گھر گھر جا کر مانگنے کے علاوہ ہیجڑے ٹرینوں اور بازاروں میں جا کر بھی مانگتے ہیں |
انہوں نے بتایا کہ عام طور پر ہیجڑوں کی تعلیم و تربیت کا کوئی نظام نہیں ہوتا، اس لیے اس بڑے انسانی وسیلے کا کوئی استعمال نہیں ہو پاتا۔ بقول مسٹر پرکاش حکومت کی کوشش ہے کہ ہیجڑوں کے تعلیم و تربیت کا معقول انتظام کیا جائے۔