Monday, 10 September, 2007, 19:13 GMT 00:13 PST
نارائن باریٹھ
بی بی سی، جے پور
ہندوستان کی ریاست راجستھان کے اجمیر ضلع کے ایک گاؤں میں پنچایت نے قتل اور جنسی زیادتی کے ایک معاملے میں مشتبہ شخص کی شناخت کے لیے لوگوں کے کپڑے اتار کر دیکھے گئے۔
پنچایت نے کئی سو افراد کے کپڑے اتارے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی ان میں سے تو کوئی اس معاملے میں شامل نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ کپڑے اتارنے کے اس واقعہ کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اجمیر کے کوراج گاؤں میں سنیچر کی رات ایک شادی شدہ عورت کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ گاؤں میں پیر کے روز پنچایت بیٹھی اور پھر گاؤں کے ایک ایک آدمی کے کپڑے اتار کر جانچ کی گئی۔
گاؤں کے ایک شخص تارا سبت نے بی بی سی کو بتایا گاؤں کے مردوں نے اپنی مرضی سے اپنا بدن دکھایا تاکہ کسی پر شک نہ کیا جائے۔
راجستھان میں پنچایت کے اس طرح کے حکم کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس سے پہلے چتوڑگڑھ ضلع میں چوری کے ایک واقعے میں بے گناہی ثابت کرنے کے لیے لوگوں کو گرم تیل میں ہاتھ ڈالنے کے لیے کہا گيا تھا۔
انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں ایسی پنچایتوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کرتی آ رہی ہیں۔