Wednesday, 15 August, 2007, 06:59 GMT 11:59 PST
بھارت کے ساٹھویں یومِ آزادی کے موقع پر وزیرِ اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت صحیح معنوں میں اس وقت آزاد اور خودمختار ہو گا جب ملک میں غربت کا خاتمہ ہو جائے گا۔
دلّی کے لال قلعے میں آج یومِ آزادی کی تقریب کے آغاز پر منموہن سنگھ نے عین اسی مقام پر پرچم کشائی کی جہاں سے 1947 میں برطانوی جھنڈے کو ہمیشہ کے لیے اتارا گیا۔
پرچم کشائی کے دوران توپوں کی سلامی دی گئی اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ بھارتی جھنڈے کے رنگوں والے سینکڑوں غباروں کو بھی ہوا میں چھوڑا گیا۔
یومِ آزادی کی اس تقریب میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ وزیرِاعظم منموہن سنگھ نے بھارت کی آزادی کے لیے لڑنے والے تمام رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساٹھ سال گزرنے کے بعد بھارت معاشی اعتبار سے ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کر رہے ہیں لیکن اس ترقی کے ثمرات سے بھارتی شہریوں کی محدود تعداد لطف اندوز ہو رہی ہے۔
انہوں نے بھارت کی صحیح معنوں میں آزادی کو غربت کے خاتمے کے ساتھ مشروط قرار دیتے ہوئے کہا: ’ساٹھ سال قبل مہاتما گاندھی کی سوچ اور خیالات سے متاثر ہو کر ہم نے آزادی کا ایک نیا سفر شروع کیا تھا۔ گاندھی کی سوچ کے مطابق صحیح معنوں میں ہمیں آزادی اور خودمختاری اس وقت ملے گی جب ہم غربت سے جان چھڑوا لیں گے‘۔
ایک ارب سے زائد آبادی کے ملک بھارت کی پچاس فیصد آبادی پچیس سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوان نسل کو تعلیم کے مناسب مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
بھارت کی صدر پرتیبھا پاٹِل نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں ملکی ترقی سے ہر ایک شہری کو فائدہ پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ’اقتصادی ترقی کے ثمرات خاص طور پر ہمارے ان طبقوں تک پہنچنے چاہیئیں جو بڑی تعداد میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں‘۔
اس سے قبل پاکستان کے ساتھ واہگہ بارڈر پر ہونے والے ایک مشترکہ میوزک کنسرٹ میں بھارتی شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
بھارت بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کو ممکنہ شدت پسند کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ ہوائی گشت بھی کیا جا رہا ہے۔
دلّی میں سرکاری عمارات، سفارتی رہائش گاہوں اور شہر کے دیگر اہم مقامات پر 70000 کے قریب پولیس اور پیراملٹری فورس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
شمالی مشرقی ریاست آسام میں یومِ آزادی کی تقریبات شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے چار دھماکے ہوئے ہیں تاہم کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس نے ان دھماکوں کی ذمہ داری علیحدگی پسند باغی گروپ ’الفا‘ پر عائد کی ہے جس نے ان تقریبات سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی اکثر علیحدگی پسند گروہوں نے آج کے دن کو یومِ آزادی کی بجائے ’یومِ سیاہ‘ قرار دیا ہے۔