Saturday, 11 August, 2007, 07:14 GMT 12:14 PST
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں مشبتہ شدت پسندوں نے غیر آسامی آبادی کے بارہ مزدروں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔
ریاست آسام میں بہار اور مشرقی اترپردیش سے آئے ہوئے ہندی بولنے والے مزدوروں پر ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا حملہ تھا۔ قتل کا یہ تازہ واقعہ ریاست کے کاربی آنگ لانگ ضلع میں پیش آيا ہے۔ بدھ کو غیر آسامی آبادی کے مزدورں پر ہونے والا حملہ بھی اسی ضلعے میں پیش آيا تھا۔
حکام کا کہنا ہےکہ کاربی آنگ لانگ ضلع کے ڈالا گاؤں میں جمعہ کی رات کو بیس سے پچیس مسلح شدت پسند آئے اور غیر آسامی آبادی کے مزدروں کی بستی میں آگ لگا دی اور جب یہ لوگ اپنے گھروں سے بھاگنے لگے تو ان پر شدت پسندوں نے گو لیاں چلانا شروع کر دیں۔
پولیس حکام کو شبہ ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے علیحدگی پسند تنظیم یونائٹیڈ لبریشن فرنٹ آف آسام یعنی ’الفا‘ کے معاون شدت پسند گروپ کاربی نیشنل لبریشن فرنٹ کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ سال ستمبر میں حکومت اور ’الفا‘ کے درمیان امن مذاکرات ٹوٹ جانے کے بعد سے شدت پسندوں کے حملے تیز ہوگئے ہیں اور شدت پسند اب تک تقریباً ایک سو پچاس ہندی آبادی کے افراد کو ہلاک کر چکے ہیں۔
الفا نے اپنی تحریک کے دوران اکثر و بیشتر بنگالی مسلمانوں سمیت بہار اور اتر پردیش کے مزدروں کو نشانا بنایا ہے۔ الفا انیس سو اناسی سے آسام کی آزادی کے لیے پر تشدد تحریک چلائے ہوئے ہے۔