Monday, 23 July, 2007, 07:27 GMT 12:27 PST
اترپردیش میں پولیس پر ڈاکوؤں کے ایک حملے میں خصوصی پولیس فورس کے چھ اہلکاروں سیمت سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
خصوصی پولیس فورس کے انسپکٹر جنرل اے کے جین نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی رات باندہ ضلع کے فتح گنج تھانہ میں ڈاکو ٹھوکیا گینگ نے پولیس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں چھ اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں ایک مقامی دیہاتی بھی شامل ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے جب اتوار کو خصوصی پولیس فورس (ایس ٹی ایف) نے اپنی ایک مہم کے دوران خوفناک ڈاکو ددوا کو ہلاک کردیا تھا۔ ددوا کے خلاف ملک کے مختلف پولیس تھانوں میں قتل، اغواء، ڈکیتی اور لوٹ مار کے ایک سو پچاس سے زائد مقدمات درج تھے۔
ڈاکوؤں کی آماجگاہ |
پولیس نے جوابی کارروائی کی تاہم ڈاکو حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مدھیہ پردیش سے متصل سرحد چتر کوٹ کے جنگل اور چمبل کی وادی خوفناک ڈاکوؤں کی آماجگاہ رہی ہے۔ یہاں سے تعلق رکھنے والے ڈاکوؤں کی زندگی پر بالی ووڈ میں کئی فلمیں بھی بنی ہیں۔
پھولن دیوی، نربھے گوجر، رام بابوگدڑیا، سیما پری ہار، ددوا اور ٹھوکیا کا نام چمبل کے خوفناک ڈاکوؤں میں شامل ہے۔ ان میں سیما پری ہار کے علاوہ سبھی پولیس کے ساتھ تصادم یا آپسی رنجش میں مارے جا چکے ہیں۔