Tuesday, 10 July, 2007, 10:57 GMT 15:57 PST
ہندوستان کی مرکزی ریاست چھتیس گڑھ میں سینیئر اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ماؤنواز باغیوں کے زیر اثر علاقے میں گشت کرنے والے تقریباً چوبیس پولیس اہلکارہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس دستے کےسولہ اور خصوصی پولیس فورس کے چھ جوان شامل تھے۔
بعض خبر رساں اداروں نے ان پولیس اہل کاروں کی تعداد دوگنا بتائی ہے۔
سرکاری اہل کاروں کا کہنا ہے کہ پیر کی شام ایک سو پندرہ پولیس اہل کار گشت پر نکلے تھے جن میں سے چوبیس کے علاوہ سبھی آگئے ہیں۔ یہ واقعہ دنتے واڑہ ضلع کے ایلم پٹی، ریگاڈگٹا کے علاقے میں پیش آیا۔ یہ جنگلی علاقہ ریاست آندھرا پردیش سے ملحق سرحد پر واقع ہے۔
دنتے واڑہ کے سپرنٹینڈینٹ پولیس راہل شرما نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پولیس گشت پر نکلی تھی۔ تاہم خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق پیر کی شام کو پولیس اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا ہے۔ ایک اور نیوز ایجنسی یو این آئی کے مطابق تصادم میں تقریباً چالیس پولیس اہل کار ہلاک ہوگئے ہیں۔
چالیس پولیس اہل کار ہلاک |
خبروں کے مطابق جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب پولیس نے جنگل میں ماؤنواز باغیوں کے خلاف مشین گن اور مورٹر سے حملے شروع کیے۔
دنتے واڑہ ضلع میں ماؤ نواز باغیوں کا زبردست اثر ہے اور گزشتہ دو برسوں میں پولیس اور ماؤنواز باغیوں کے درمیان تشدد کی کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد قبائلی ہلاک ہوئے۔