http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 03 July, 2007, 17:10 GMT 22:10 PST

نادیہ پرویز
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، دلی

دہلی: ہند و پاک مذاکرات کا پہلا دن

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری جامع مذاکرات کے تحت دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ پر قابو پانے کے سوال پر دلی میں دو روزہ مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

مذاکرات میں داخلہ سکریٹری مدھوکر گپتا گیارہ رکنی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی ان کے ہم منصب سید کمال شاہ کر رہے ہیں۔

پہلے روز کی بات چیت ختم ہونے پر پاکستان کے داخلہ سکریٹری کمال شاہ نے کہا کہ بات چیت بہت مثبت رہی ہے لیکن مزید تفصیلات کل یعنی بدھ کو ہی سامنے آ سکيں گی۔

انہوں نے بتایا کہ تین گروپز تین مختلف موضوعات پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف اتنا ہی اشارہ کیا جا سکتا ہے کہ انہی اشوز پر بات چیت کر رہے ہیں جو ہندوستان اور پاکستان کے عوام کے مفاد میں ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مذاکرات کے دوران دونوں جانب ویزاب ’پالیسی میں نرمی اور منشیات کی سمگلنگ کی پر بھی بات چیت کریں گے۔ مذاکرات کے دوارن انسانی سمگلنگ، جعلی کرنسی اور سیولین اور ماہی گیر قیدیوں کے بارے میں بھی بات چيت متوقع ہے۔

اس سے قبل پچھلے برس مئی میں دونوں ملکوں کے داخلہ سکریٹریز نے اسلام آباد میں مذاکرات کیے تھے۔