Sunday, 01 July, 2007, 07:04 GMT 12:04 PST
ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار کے جنوبی ضلع روہتاس میں ماؤ نواز باغیوں کے ایک حملے میں چھ پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ سنیچر کی رات پیش آیا۔
پٹنہ میں بی بی سی کے نامہ نگار منی کانت ٹھاکر کا کہنا ہے کہ پولیس کے ترجمان انیل کمار سنہا نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے میں پانچ پولیس اہلکار، ہوم گارڈ کا ایک جوان اور دو عام شہری ہلا ک ہوئے ہیں۔ تقریباً دو سو کی تعداد میں مسلح ماؤ نواز باغیوں نے روہتاس ضلع کے دو پولیس تھانوں پر حملہ کیا اور زبردست فائرنگ کی جس کی وجہ سے یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ماؤ باغیوں نے پہلے دونوں تھانوں پر پیٹرول بم پھینکے اور بعد میں فائرنگ کی۔ کچھ ہی فاصلے پر واقع راجپور اور بگہلا پولیس چوکیوں پر حملوں میں ماؤ باغیوں نے ہتھیار بھی لوُٹے ہیں۔
تیمور کی وادی میں واقع روہتاس ضلع میں ماؤ نواز باغیوں کا خاصا اثر ہے۔ کچھ دن قبل اس علاقے میں ارجن اوراوں نامی ایک اہم ماؤ باغی کارکن کی گرفتاری ہوئی تھی جس کے بعد ماؤ باغی تنظیموں نے پولیس پر حملے کی دھمکی دی تھی۔