Saturday, 23 June, 2007, 07:36 GMT 12:36 PST
عمر فاروق
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، حیدر آباد
بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں شدید بارش کی وجہ سے 45 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کئی اضلاع میں گاڑیوں اور ٹرینوں کی آمدو رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
تیز بارش کی وجہ سے ریاست کے کرنول، پراکشم، گنتور اور کرشنا اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ محض کرنول میں ہی 21 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ ہلاکتیں اس وقت پیش آئیں جب لوگ یا تو بارش کے پانی میں بہہ گئے یا مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے ان کے گھر گِر گئے۔
کرشنا کے علاقے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 32 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گنتور اور پراکشم علاقوں میں پچیس سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
حالات سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں کے لیے فضایہ اور بحریہ کے جوانوں کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کرنول ضلع میں پولیس کے جوان ابتدائی امدادی کارروائی کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
![]() | |
| موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہے |
کرنول، کرشنا، گنتور اور پراکشم کے علاقوں سے تقریباً بیس ہزار افراد کو 54 امدادی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست کے کئی اضلاع کو آپس میں جوڑنے والی ریل کی پٹریاں پانی میں ڈوب گئی ہیں جبکہ سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہے۔